فیفاورلڈکپ،انگلینڈ اور امریکا کی ٹیمیں ٹاپ 16 رائونڈ میں داخل

بدھ 30 نومبر 2022 09:20

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) انگلینڈ اور امریکا کی ٹیمیں قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ میگا ایونٹ کے گروپ بی کے اہم میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو شکست دے کر جبکہ امریکا نے گروپ بی کے ہی میچ میں ایران کو ہرا کر ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ایران اور ویلز کی ٹیمیں میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔

فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔احمد بن علی اسٹیڈیم، الریان میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 35 ویں میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں انگلینڈ اور ویلز آمنے سامنے تھیں ،جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں بہت سخت مقابلہ ہوا ،دونوں ٹیموں نے گول کی غرض سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑتوڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم ویلز کو پریشان کر دیا۔انگلینڈ کے مارکس راشفورڈ نے 50 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو ویلز کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جس کے اگلے ہی منٹ میں فل فوڈن نے 51 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔ اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ویلز پر حاوی ہوگئی ۔ 68 ویں منٹ میں مارکس راشفورڈ نے ایک اوراپنا دوسرا گول کرتے ہوئے مقابلہ 0-3 کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہا ۔

یوں انگلینڈ نے ویلز کو میچ میں 0-3 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں کھیلے گئے گروپ بی کے ہی دوسرے میچ میں امریکا نے سخت مقابلے کے بعد ایران کو 0-1 گول سے ہرا کر ناٹ آئوٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ امریکا کے کرسچن پلسک نے 38 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی ۔ میچ کے ہاف پر امریکا کو ایران کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی ۔ یوں امریکا نے ایران کو 0-1 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا اورمیچ میں امریکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ایران ورلڈکپ سے باہر ہوگیا ۔ \932
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 09:20:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :