ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل مزید چارمیچوں کا فیصلہ ہوگا

بدھ 30 نومبر 2022 10:20

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل (جمعرات کو )مزید 4 میچوں کا فیصلہ ہوگا۔فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں سج چکا ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل جمعرات کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گروپ ایف کی ٹیمیں کروشیا اور بیلجیئم آمنے سامنے ہوں گی،یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا، دوسرا میچ بھی گروپ ایف کی ٹیموں کینیڈا اور مراکش کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ بھی رات 8بجے شروع ہوگا، تیسرا میچ گروپ سی کی ٹیموں سعودی عرب اور میکسیکو کے درمیان کھیلا جائے گا،یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگا اسی روز کے چوتھا میچ میں گروپ سی کی ٹیموں پولینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گااور یہ میچ بھی رات 12 بجے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ میں شامل 32 ٹیموں کو 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 3سے 6دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 10:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :