لنکا پریمیئر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 6 دسمبر سے سری لنکا میں شروع ہوگا

بدھ 30 نومبر 2022 14:12

لنکا پریمیئر لیگ کا تیسرا ایڈیشن  6 دسمبر سے سری لنکا میں شروع ہوگا
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) سری لنکا کرکٹ کے زیر اہتمام لنکا پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 6 دسمبر سے سری لنکا میں ہوگا۔ لیگ کے 6 دسمبر 2022 سے ہمبنٹوٹا میں شروع ہونے والے تیسرے ایڈیش کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن جافنا کنگز اور گال گلیڈی ایٹرز کے درمیان سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔ لیگ میں پانچ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ 20 میچز پر مشتمل ہوگا جو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد کینڈی اور کولمبو میں مقابلے ہوں گے۔ آخری راؤنڈ کے مقابلے بھی کولمبو میں آر پی آئی سی ایس میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل 23 دسمبر 2021 کو کولمبو کے آر پی آئی سی ایس میں کھیلا جائے گا جبکہ کوالیفائر 1 اور ایلیمنیٹر 21 دسمبر کو ہوں گے۔

(جاری ہے)

ناک آؤٹ راؤنڈ میں ٹیموں اور کھلاڑیوں کے لئے کوئی وقفہ نہیں ہے کیونکہ کوالیفائر 2 22 دسمبر کو ہوگا۔

سری لنکا پریمیئر لیگ 2022 سری لنکا کا سب سے بڑا مقامی ٹورنامنٹ ہے جو بین الاقوامی خصوصیت کے ساتھ 24 میچز پر مشتمل ہوگا جس میں صف اول کے مقامی اور بین الاقوامی کرکٹرز شرکت کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے آئندہ ایڈیشن میں متعدد کرکٹ ستارے شرکت کررہے ہیں جن میں پاکستانی شعیب ملک کے علاوہ ایون لیوس، کارلوس بریتھ ویٹ، جینمین ملان، ڈوین پریٹوریس ، ڈی آرسی شارٹ اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ ڈبل رائونڈ رابن اور پلے آف کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 14:12:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :