نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان آخری ون ڈے میچ بارش کی نذر، سیریز0-1 سے میزبان ٹیم کے نام

بدھ 30 نومبر 2022 22:34

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) نیوزی لینڈ اور بھارت کے مابین تیسرااور آخری ون ڈے میچ بارش کی نذر ہو گیا،یہ رواں سیریزکادوسرا میچ ہے جو بارش کی نذرہوا ہے،اسطرح تین میچوں کی سیریز 1-0سے میزبان ٹیم کے نام رہی،ٹوم لیتھم کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ بدھ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.3 اوورز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی، واشنگٹن سندر نے 51 اور شریاس ایر نے 49 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان شیکھر دھون 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ نیوزی لینڈ کے ایڈم ملانے اور ڈیرل مچل نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ٹم سائوتھی نے 2 جبکہ لوکی فرگوسن اور مچل سنٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

بھارت کے 220 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اننگز کا بہترین آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنائے۔

فن ایلن 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ڈیون کونوے 38 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کا ایک وکٹ کے نقصان پر مجموعی سکور 104 تھا کہ اس دوران بارش کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت مطلوبہ ہدف سے بہت آگے تھی تاہم اس کے لئے کم از کم اننگز کے 20 اوورز ہونا ضروری تھے لیکن بارش سے قبل دوسری اننگز کے 18 اوورز ہی ممکن ہو سکے تھے۔ اسطرح یہ میچ بغیر کسی نتیجہ کے اختتام پذیر ہوگیا۔ نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 1-0سے اپنے نام کرلی۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین وائٹ بال سیریز کے 6 میچوں میں سے چوتھا میچ ہے جو بارش کی نذر ہوا۔ اس سے قبل بھارت نے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-0سے اپنے نام کی تھی۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 22:34:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :