نیوزی لینڈ کے کپتان ولیمسن، لیتھم کی آئی سی سی رینکنگ میں ترقی

بدھ 30 نومبر 2022 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور وکٹ کیپر ٹام لیتھم نے آئی سی سی مینز کرکٹ ون ڈےانٹرنیشنل فارمیٹ میں ایم آر ایف پلیئرز رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کر لی ہے۔دونوں کھلاڑیوں نے آکلینڈ میں بھارت کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ سیریزکے پہلے ون ڈے میچ میں ناقابل شکست 221 رنز کی شراکت داری کے بعد رینکنگ میں ترقی حاصل کی ۔

آئی سی سی کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ولیمسن بھارت کے خلاف میچ میں 98 رنز ناٹ آ ؤٹ اننگز کی وجہ سے ٹاپ 10 میں چلے گئے ہیں جبکہ لیتھم 104 گیندوں پر ناقابل شکست 145 رنزبنانے کے بعد 10 درجے ترقی کرکے 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ان کی چوتھی وکٹ کے لئے 221 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری نے 2.5 اوورز پہلے ٹوٹل 306 رنز کے مشکل حدف کو حاصل کرنے میں مدد کی۔

(جاری ہے)

ہندوستانی کھلاڑی روہت شرما اور ویرات کوہلی فہرست میں آسٹریلیا کے سٹیون اسمتھ جو چھٹےنمبر پر اور انگلینڈ کے جونی بیرسٹو جو ساتویں نمبر پر ہیں ان سے نیچے چلے گئے ہیں، کیونکہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری سیریز میں ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔جب کہ شریاس آئر چھ درجے اوپر ہونے کے بعد 27 ویں نمبر پر ، شبمن گل تین درجے بہتری کےساتھ 34 ویں نمبر پر اور سنجو سیمسن 10 درجے بہتری کے ساتھ 82 ویں نمبر پر فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

افغانستان کے وکٹ کیپر بلے باز رحمن اللہ گرباز، جنہوں نے سری لنکا کے خلاف نصف سنچریاں بنائیں، تازہ ترین ہفتہ وار اپ ڈیٹ میں 21 درجے ترقی کر کے 48 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز پہلے ون ڈے میں تین تین وکٹیں لے کر باؤلرز کی درجہ بندی میں اوپر آئے ہیں، لوکی فرگوسن 5 درجے ترقی کے بعد 32 ویں نمبر پر اور ٹم ساؤتھی 2 درجے ترقی کے بعد 34 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ میٹ ہنری اب ٹاپ پانچ میں شامل ہیں۔سری لنکا کے لیگ اسپنر وینندو ہسرنگا دو میچوں میں تین وکٹیں حاصل کرنے کے بعد 6 درجے بہتری کے ساتھ 27 ویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔ پہلے میچ میں 66 رنز بنانے کی وجہ سے وہ بلے بازوں میں 20 درجے ترقی کے بعد 102 نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں وہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 21:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :