پاکستانی کیوئسٹ احسن رمضان سارک سنوکر چیمپئن شپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

بدھ 30 نومبر 2022 23:00

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) پاکستانی کیوئسٹ احسن رمضان دوسری شیخ کمال سارک سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔

(جاری ہے)

بدھ کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کی طرف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری چیمپئن شپ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ احسن رمضان کا مقابلہ بھارتی کیوئسٹ ایشپریت سنگھ چندا سے تھا، اشپریت سنگھ نے احسن رمضان کو 4کے مقابلے میں 6فریمز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، بھارتی کیوئسٹ نے ابتدائی دونوں فریمز 85-34اور 78-39سے جیت کر میچ میں 2-0کی برتری حاصل کی تاہم پاکستانی کیوئسٹ احسن رمضان نے اگلے دونوں فریمز 72-8اور 69-54سے جیت کر مقابلہ 2-2سے برابر کر دیا، پانچویں فریم میں بھارتی کیوئسٹ نے 75-8سے کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر برتری حاصل کی تاہم احسن رمضان نے چھٹا فریم 84-0سے جیت کر مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا، اس کے بعد ایشپریت سنگھ نےساتواں اور آٹھواں فریم 75-5اور 84-0سے جیت کر 5-3فریم کی برتری حاصل کی، نویں فریم میں احسن نے 86-37سے کامیابی سمیٹی تاہم دسویں فریم میں بھارتی کیوئسٹ نے 84-0سے کامیابی حاصل کر کے میچ میں 6-4فریمز سےفتح حاصل کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

وقت اشاعت : 30/11/2022 - 23:00:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :