سری لنکا نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

بدھ 30 نومبر 2022 23:00

پالے کیلے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) سری لنکا نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، افغانستان کا 314 رنز کا بڑا ہدف سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا، پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے افغان بیٹر ابراہیم زادران کی 162 رنزکی اننگز رائیگاں گئی، سری لنکا کے چارتھ اسالنکا کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیاگیا۔

بدھ کو پالے کیلے میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ اوپنر ابراہیم زادران نے 138 بالوں پر 162 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نجیب اللہ زادران 77 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے، سری لنکن بائولر کاسن راجیتھا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ونیندو ہسارنگا نے دو جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 314 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ چارتھ اسالنکا نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ کوسل مینڈس 67 ، دنیش چندی مل 33 اور کپتان داسن شناکا 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان کی شاندار بائولنگ بھی مہمان ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ راشد خان نے 37 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد سری لنکا نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ بارش کی نذرہوگیا تھا۔
وقت اشاعت : 30/11/2022 - 23:00:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :