انٹر یونین کونسل جناح ٹورنامنٹ کی ٹیموں کا انتخاب رواں ہفتے مکمل کر لیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

اتوار 4 دسمبر 2022 13:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ انٹر یونین کونسل جناح ٹورنامنٹ کے لئے کرکٹ، فٹبال اور بیڈ منٹن ٹیموں کا انتخاب رواں ہفتے مکمل کر لیا جائے گا، میچز کے لیے گراؤنڈز منتخب کر لیے گئے ہیں، فائنل میچز بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش 25 دسمبر کو ہوں گے،فاتح ٹیموں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پرکشش انعامات سے نوازا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی جی شاہد عباس، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے، اس موقع پر سپورٹس کمیٹیوں کے ممبران کو نوٹیفکیشن بھی تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ انٹر یونین کونسل ٹورنامنٹ میں کرکٹ، فٹبال اور بیڈ منٹن ٹیموں کے کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا، ضلعی انتظامیہ، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن ٹیموں کو کٹس فراہم کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچز مرے کالج گراؤنڈ، پائلٹ سکول اور سی ٹی آئی گراؤنڈ میں ہونگے، فٹ بال میچز جناح اسلامیہ کالج اور کنٹونمنٹ گراؤنڈ میں جبکہ بیڈ منٹن میچز علامہ اقبال کلب (انوار کلب) اور سپورٹس جمنیزیم میں ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی کا کہنا تھا کہ کٹس کی خریداری اور سٹاک کی تقسیم کے لیے اے ڈی سی جی شاہد عباس کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ انٹر یونین ٹورنامنٹ سیالکوٹ شہر میں کرکٹ، فٹبال اور بیڈ منٹن کے فروغ کے لیے اہم ایونٹ ثابت ہو گا۔
وقت اشاعت : 04/12/2022 - 13:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :