راولپنڈی ٹیسٹ؛ چوتھے دن کا کھیل ختم‘ پاکستان کے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 80 رنز

قومی ٹیم کو پانچویں اور فیصلہ کن دن میچ جیتے کے لیے مزید 263 رنز درکار‘ 8 وکٹیں باقی ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 دسمبر 2022 17:05

راولپنڈی ٹیسٹ؛ چوتھے دن کا کھیل ختم‘ پاکستان کے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 80 رنز
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2022ء ) راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالیے، میچ جیتے کے لیے مزید 263 رنز درکار ہیں۔ اپنی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق 6 اور کپتان بابراعظم 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ اظہر علی انگلی میں چوٹ لگنے کے باعث بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے، انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اولی روبنسن اور بین اسٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 264 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی، میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کھلاڑی بین ڈکٹ نسیم شاہ کی گیند پر سلمان آغا کا شکار بنے وہ پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر پر ہی آؤٹ ہوئے، اس کے بعد اولی پوپ کو محمد علی نے صرف 13 رنز کے ساتھ پویلین واپس بھیج دیا، محمد علی نے ہی انگلش کھلاڑی زیک کرولی کو ففٹی ہوتے ہی پویلین بھیج دیا، مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب بلے بار جوروٹ زاہد محمود کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے اور 73 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد انگلینڈ کپتان بین اسٹوکس بھی زیادہ دیر پچ پر نہ رہ سکے اور 3 گیندوں پرکوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ول جیکس 24 رنز جبکہ ہیری بروک 87 رنز نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا، آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی طرف سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 04/12/2022 - 17:05:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :