فیفاورلڈکپ،انگلینڈ کی ٹیم سینیگال کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

پیر 5 دسمبر 2022 09:20

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) انگلینڈ کی ٹیم قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ۔ فاتح ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں سینیگال کو 0-3 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ دفاعی چیمپئن فرانس سے ہوگا۔جورڈن ہینڈرسن،ہیری کین اور بکائیو ساکا نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں لگا ہوا ہے جو اپنے آخری مراحل کی طرف گامزن ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیموں نے ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کی اور اب 16 ٹیموں کے درمیان پری کوارٹر فائنل رائونڈ جاری ہے۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں انگلینڈ اور سینیگال کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،جس میں انگلینڈ کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی سینیگال پر حاوی ہوگئی ۔

انگلینڈ کے جورڈن ہینڈرسن نے 38 ویں منٹ میں ایک گول کر کے انگلینڈ کو سینیگال کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی جس کو ہیری کین نے پہلا ہاف ختم ہونے کے آخری منٹ میں ایک گول کر کے 0-2 کر دیا۔ یوں پہلے ہاف پر انگلینڈ کی ٹیم کو حریف سینیگال ٹیم کے خلاف 0-2 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی انگلینڈ کی ٹیم سینیگال پر برتری رہی۔ انگلینڈ کے بکائیو ساکا میچ کے 57 ویں منٹ میں ایک گول کر کے برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-3 کر دیا۔ جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔سینیگال کی ٹیم نے میچ میں گول کرنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکی۔یاد رہے کہ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں انگلینڈ کا مقابلہ دفاعی چیمپئن فرانس سے ہوگا۔ \932
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 09:20:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :