نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کر کے معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

پیر 5 دسمبر 2022 10:20

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ دور میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور مواقع فراہم کرنے سے معاشرتی برائیوں سے بچاؤ ممکن ہے، کھیلوں کی سرگرمیاں علاقائی تعصب سے بالاتر رکھنے کی ضرورت ہے، کھیل محبتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وہ بٹگرام سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام شکیل اکبر، سرکاری محکموں کے ذمہ داران، کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی دیہی علاقوں میں کھیل کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، بٹگرام سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ علاقہ میں نوجوانوں سمیت شائقین کرکٹ کو ایک بہترین تفریح مہیا کرے گا، کھیلوں کے ساتھ علاقہ کو منشیات فری بنانے کے بھی خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے کھیل کے میدان آباد کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہسپتال اور منشیات کے اڈے خود بخود ویران ہو جائیں گے۔ عمر خان نے کہا کہ بٹگرام سپر لیگ کی آرگنائزنگ کمیٹی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے کھیل کے میدان کو آباد رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ کھیل اور کھلاڑی معاشرے کی عکاس اور سفیر ہیں، یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے، اگر ان کو مواقع ملیں تو وہ قومی سطح پر نام پیدا کر سکتے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے آخر میں آرگنائزرز نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد عرفان اللہ محسود کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر خان نے رورل ہیلتھ سنٹر کوزہ بانڈہ کا دورہ کیا اور عملہ کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور سہولیات کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر خان نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، وارڈز، انتظار گاہوں، پینے کے صاف پانی کی سہولیات چیک کیں اور مریضوں سے بھی ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

انچارج صاحبان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ہسپتال میں دیگر مسائل کے حوالہ سے میڈیکل آفیسرز کو موقع پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 10:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :