ملتان پولیس نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے سیکورٹی پلان جاری کردیا،7 ہزار سے زائد افسران وجوان تعینات

پیر 5 دسمبر 2022 15:08

ملتان پولیس نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے سیکورٹی پلان جاری کردیا،7 ہزار سے زائد افسران وجوان تعینات
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) ملتان پولیس کی جانب سے پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 7000 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 9 دسمبر سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔

سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر تمام تر سیکورٹی انتظامات کی نگرانی خود کریں گے۔ ایس ایس پی آپریشنز ملتان حسام بن اقبال کی نگرانی میں تمام مقامات پولیس کی نفری بھجوائی جائے گی،ملتان پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، پاک فوج، رینجرز،سپیشل برانچ اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان ملتان کرکٹ سٹیڈیم، ملتان ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے تمام اہم مقامات اور گردونواح میں بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز پر مشتمل ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سٹیڈیم کے اطراف میں پیٹرولنگ کرے گی۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے فاطمہ جناح ٹاؤن میں گاڑیوں کی پارکنگ کی جائے گی۔

شائقین کو فاطمہ جناح ٹاؤن پارکنگ پوائنٹ سے سٹیڈیم تک خصوصی شٹل بس سروس کے ذریعے پہنچایا جائیگا۔کرکٹ شائقین کیلئے خصوصی ہدایات، شائقین کواپنی شناخت ثابت کرنے کےلیے قومی شناختی کارڈ اپنےہمراہ لازمی رکھنا ہے۔ کوئی بھی آتشی اسلحہ،کھلونابندوقیں،دھماکہ خیزمواد،پٹاخے، سگر یٹ، ماچس، لائٹر، کوئی بھی تیز دھارمواد جیسے چاقو اوردھات یالکڑی سٹیڈیم کے اندرلے جانے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی بینروپوسٹریاپلےکارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا فحش باتیں درج ہوں کی سختی سے ممانعت ہے۔ کرکٹ شائقین کو گراؤنڈ، کھلاڑیوں اور ساتھی تما شا ئیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے،سٹیڈیم کے احاطے میں ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے۔
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 15:08:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :