پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے تعلقات بہتر بنائے جا سکتے ہیں، شاہد آفریدی

پیر 5 دسمبر 2022 17:11

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے تعلقات بہتر بنائے  جا سکتے ہیں، شاہد آفریدی
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے تعلقات بہتر بنائے جا سکتے ہیں، ماضی میں بھی کرکٹ کی وجہ سے ہی دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوتے رہے ہیں ، بھارت کے لوگ اپنے ملک میں پاکستان کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، ویزے نہ دینے جیسے حرکتیں نہیں ہونی چائیں اس طرح کی حرکتیں کرکے بھارت کیا پیغام دینا چاہتا ہے کہ آپ پڑھی لکھی قوم ہیں، کرکٹر امن اور محبت کا پیغام لے کر جاتے ہیں۔

پیر کو سکھر چیمبر کے دورے کے موقع پر قومی کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کرکٹ ڈپلومیسی اچھی چیز ہے لڑائی جھگڑے سے مسئلے حل نہیں ہوسکتے، کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر بنائے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کر کے میں سیاستدان والا کام کررہاہوں لیکن الیکشن ولیکشن نہیں لڑنا چاہتا ۔مجھے سیاستدانوں پرافسوس ہوتاہے، انہیں کرسی کی لڑائی کو دور رکھ کر دیکھنا چاہیے کہ ملک کے معاشی حالات کہاں جارہے ہیں، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے ایسے علاقے متاثر ییں جہاں پر متاثرین انتظار کر رہے ہیں کہ کوئی آئے اور ان کے سروں پر چھت رکھ دے، کوئی ان کو راشن دے۔

سیاستدانوں کو اپنی پارٹیوں کو پرائیویٹ کمپنیاں نہیں بنانا چاہیئے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں سندھ میں سپورٹس کے فنڈز آتے ہیں مگر استعمال ہوئے بغیر واپس چلے جاتے ہیں کیونکہ کسی کو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ ان کو استعمال کیسے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں سکول ،کالج اور یونیورسٹی سطح پر کرکٹ کے مقابلے ہوتے تھے اب بھی اس کی ضرورت ہے ۔

ضروری نہیں کہ والدین جو اپنے بچوں کو سکول بھیج رہے ہیں وہ ڈاکٹرز بنیں یا انجنیئرز بنیں اگر ان میں ٹیلنٹ ہے تو سپورٹس مین بھی بن سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھاکہ سندھ کے بڑوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ یہاں کے بچوں کو تعلیم اور سپورٹس دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو دیکھ کر کرکٹ شروع کی۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سندھ کی مہمان نوازی بھی پٹھانوں کی طرح مشہور ہے۔ سکھر چیمبر آف کامرس سکھر کی تعمیر و ترقی کے لیے اچھا کام کررہا ہے۔ قبل ازیں شاہد آفریدی كو سندھ کے روایتی تحفے سندهی ٹوپی اور اجرک پیش کئے گئے ۔
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 17:11:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :