انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے دی

پیر 5 دسمبر 2022 19:16

انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد  پاکستان کو  74 رنز سے شکست دے دی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 74 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، میچ کے آخری روز انگلینڈ کے343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 268 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، سعود شکیل نے 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، امام الحق 48 ، محمد رضوان 46 ، اظہر علی 40 اور سلمان علی آغا 30 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، اولی رابنسن کو مرد میدان قرار دیا گیا، واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان میں 22 سال بعد ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو دسمبر 2000 میں 6 وکٹوں سے ہرایا تھا، پیر کو راولپنڈی سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 80 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق 43 اور سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، امام الحق گزشتہ روز کے سکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کر سکے اور 48 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، امام الحق کے آئوٹ ہونے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے انگلش بائولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 87 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 176 تک لے گئے، محمد رضوان پاکستان کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 46 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اظہر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 198 تک پہنچایا، سعود شکیل پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 76 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 259 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب سلمان علی آغاز 30 رنز بنانے کے بعد اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے، اولی رابنسن نے اپنے اگلے ہی اوور میں سنیئر بیٹر اظہر علی کو 40 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی، اظہر علی کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی جیت یقینی ہو گئی، زاہد محمود آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا کر جیمز اینڈرسن کا نشانہ بن گئے، اسی اوور میں جیمز اینڈرسن نے حارث رئوف کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا، نسیم شاہ دسویں اور آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 96.3 اوورز کھیلنے کے بعد 268 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، انگلینڈ کے تجربہ کار فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے بیٹنگ کے لئے سازگار پچ پر انتہائی شاندار بائولنگ کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، کپتان بین سٹوکس اور جیک لیچ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی، اولی رابنسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے�

(جاری ہے)

وقت اشاعت : 05/12/2022 - 19:16:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :