راولپنڈی ٹیسٹ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، بہت عرصے بعد اس طرح کا ٹیسٹ دیکھنے میں آیا، بین سٹوکس

پیر 5 دسمبر 2022 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا ہے راولپنڈی ٹیسٹ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، بہت عرصے بعد اس طرح کا ٹیسٹ دیکھنے میں آیا، یہ ٹیسٹ کرکٹ ہے، اس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، پیر کو راولپنڈی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، کوشش ہوگی کہ سیریز کے بقیہ ٹیسٹ میچوں میں بھی اسی طرح اچھا کھیل پیش کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ ہم نے تیز کرکٹ کھیلی، ہم نے ٹیسٹ کو ٹیسٹ سمجھ کر ہی کھیلا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پچ کبھی معاون ہوتی ہے اور کبھی نہیں ہوتی، ہم نے پہلے دن سے ہی اچھا کھیل پیش کیا، اس میچ میں ہمیں بہت مواقع ملے اور ہم نے فائدہ اٹھایا، انہوں نے کہا کہ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے ہر کھلاڑی نے سخت محنت کی، میچ کے آخری دن گیند کافی سوئنگ ہو رہا تھا اور ہمارے بائولرز نے اچھی لائن پر بائولنگ کی، انہوں نے کہا کہ آج کا کھیل بہت اچھا تھا، ہم بہت لطف اندوز ہوئے، بہت عرصے کے بعد اس طرح کا ٹیسٹ میچ دیکھنے میں آیا ہے، انہوں نے کہا کہ جیمز اینڈرسن دنیا کے بہترین فاسٹ بائولر ہیں اور ان کا ٹیم میں ہونا ہماری خوش قسمتی ہے۔

وقت اشاعت : 05/12/2022 - 20:20:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :