سعودی فٹ بال کلب النصر کی جانب سے رونالڈو کوسالانہ 200 ملین یورو کی پرکشش پیشکش

پیر 5 دسمبر 2022 20:40

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر نے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو ورلڈ کپ کے بعد اپنے کلب کی شمولیت کیلئے 200 ملین یورو سالانہ کی بڑی پیشکش کردی ہے۔ 37 سالہ رونالڈو کو مانچسٹر یونائیٹڈ نے گزشتہ ماہ کلب کے منیجر ایرک ہینگ ٹیک کے حوالے سے متنازعہ انٹرویو دینے کے بعد کلب سے نکال دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق متعدد کلبوں نے رونالڈو کی شمولیت کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

رونالڈو نے چند روز قبل غیر ملکی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے رواں سیزن کیلئے سعودی کلب میں شامل ہونے کے لئے 305 ملین یوروز کی آفر کو ٹھکرایا۔ اگر وہ یہ آفر قبول کرتے تو دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالر بن سکتے تھے۔ پرتگال کے کپتان رونالڈو کی اس وقت تمام تر توجہ فیفا ورلڈ کپ میں مرکوز ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے فی الحال فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔ رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ کنٹریکٹ کے باعث یکم جنوری سے قبل کسی نئے کلب میں شمولیت اختیار نہیں کر سکتے۔ رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے 346 میچوں میں 145 گول سکور کئے۔
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 20:40:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :