مراکش کے شیرو، ہمیں تم پر فخر ہے!

مراکش کیلئے کچھ ناممکن نہیں، عرب کیلئے کچھ ناممکن نہیں: فیفا ورلڈکپ میں مراکش کی تاریخی فتح پر حاکم دبئی کا ٹوئٹ

muhammad ali محمد علی بدھ 7 دسمبر 2022 00:15

مراکش کے شیرو، ہمیں تم پر فخر ہے!
دبئی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6دسمبر 2022) حاکم دبئی کے مطابق مراکش کیلئے کچھ ناممکن نہیں، عرب کیلئے کچھ ناممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2022 کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین کیخلاف مراکش کی تاریخی فتح پر حاکم دبئی کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے لکھا کہ مراکش کیلئے کچھ ناممکن نہیں، عرب کیلئے کچھ ناممکن نہیں، مراکش کے شیرو، ہمیں تم پر فخر ہے! ۔

واضح رہے کہ فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی عرب ملک کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، قطر میں جاری ورلڈکپ کے دوران مراکش کی فٹبال ٹیم نے سابق عالمی چیمپئن اسپین کو شکست دے کر شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا۔

(جاری ہے)

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے سلسلے میں سابق عالمی چیمپئن اسپین اور مراکش کے درمیان کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ کے 90 منٹس کا کھیل بنا کسی گول کے برابر رہا، بعد ازاں اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے باعث پنالٹی ککس پر میچ کا فیصلہ کیا گیا۔

پنالٹی ککس مرحلے میں مراکش نے 0 کے مقابلے میں 3 گول سے فتح حاصل کر لی۔ سابق عالمی اور یورو چیمپئن اسپین کے کھلاڑی 3 پنالٹی ککس میں سے کسی ایک پر بھی گول نہیں کر پائے، مراکش کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹبال کی دنیا کی ہیوی ویٹ اسپین کی تمام 3 پنالٹی ککس کو روکا، جبکہ مراکش کے کھلاڑی 4 میں سے 3 ککس پر گول کرنے میں کامیاب رہے۔

یوں مراکش رواں ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا۔ تاریخی فتح کے بعد مراکش کے کھلاڑی میدان میں ہی سجدہ ریز ہو گئے، جبکہ اسٹیڈیم میں موجودہ مراکش کے تماشائی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ واضح رہے کہ مراکش 12 سال بعد فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم ہے۔ آخری مرتبہ 2010 کے ورلڈکپ میں گھانا کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
وقت اشاعت : 07/12/2022 - 00:15:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :