امام الحق نے بابر اعظم کے رن آؤٹ کی وجہ بتا دی

بابر کو منانے کی کوشش کریں گے، کپتان تک میری نو کی آواز ہی نہیں آئی، وہ بہت قریب آگئے تھے، کرکٹ میں کمیونیکشن کی غلطیاں ہوجاتی ہیں: اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 جنوری 2023 11:12

امام الحق نے بابر اعظم کے رن آؤٹ کی وجہ بتا دی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جنوری 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ میں رن آؤٹ ہو جاتے ہیں، وہ بھی ایک بار ایسے ہی آؤٹ ہوچکے ہیں، اب بابر اعظم کو منانے کی کوشش کریں گے، کپتان تک میری نو کی آواز ہی نہیں آئی، وہ بہت قریب آگئے تھے، کرکٹ میں کمیونیکشن کی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہم نے کم بیک کیا، کوشش کریں گے کہ کل میچ پر گرفت مضبوط کریں۔

"جیو نیوز" کے مطابق امام الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے آخری وکٹ پر اچھا کھیلا، جس کی وجہ سے چیزیں ان کے حق میں ہوئیں۔ پہلے دن کے بعد نیوزی لینڈ کی جو پوزیشن تھی اس کے بعد 350 پر آؤٹ کرنے کے لیے پرامید تھے، کچھ وہ بھی اچھا کھیلے کچھ ہم نے بھی باؤلنگ عام سی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ خسارے کو کم کریں اور اچھی باریاں لگائیں، جیسے جیسے وکٹ پرانا ہوتا ہے، چیلنجز بڑھیں گے، وکٹ پر گراس ہے اس وجہ سے زیادہ خراب نہیں ہوئی، نیوزی لینڈ فیلڈ پر نفسیاتی طور پر بہت اچھا گیم کھیلتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل جب آیا تو ریورس سوئنگ اچھا ہو رہا تھا، اس نے کافی اچھا کھیلا، ہر بیٹر چاہتا ہے کہ رن کریں لیکن سعود نے ٹیم کےلیے ٹمپرامنٹ کا مظاہرہ کیا، وہ ایک گھنٹہ کافی اہم تھا اگر کوئی کھلاڑی آؤٹ ہوجاتا تو مسئلہ ہوتا، کرکٹ میں رن آؤٹ ہوجاتے ہیں، پہلے ایک بار میں ایسے آؤٹ ہوگیا تھا۔
وقت اشاعت : 04/01/2023 - 11:12:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :