’ہوم کنڈیشنز میں جیتنے کا ہنر بھارت سے سیکھیں‘، رمیز راجہ کا بابر اعظم اینڈ کمپنی کو مشورہ

بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا تقریباً ناممکن ہو چکا، ہمیں بھی سیکھنا چاہیے: سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 جنوری 2023 11:52

’ہوم کنڈیشنز میں جیتنے کا ہنر بھارت سے سیکھیں‘، رمیز راجہ کا بابر اعظم اینڈ کمپنی کو مشورہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جنوری 2023ء ) پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے بھارتی ٹیم کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت برصغیر کی تمام ٹیموں کو بھارت سے سیکھنا چاہیے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کے بولرز کی شاندار کاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ان ہی کے گیم میں ہرا دیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اچھی ٹیم کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ کنڈیشنز کو بھانپ لیتی ہے اور بھارت کے فاسٹ بولرز میں اگرچہ پیس نہ ہو لیکن انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک مکمل پرفارمنس دی، نیوزی لینڈ اپنی ہی گیم میں ہار گئی کیوں کہ بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی بیٹنگ میں اعتماد نظر نہیں آیا، نہ ہی ان میں ردھم تھا۔

(جاری ہے)

رمیز راجا نے کہا کہ بھارت کو بھارت میں ہرانا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے جو کہ براعظم کی تمام ٹیمز حتیٰ کہ پاکستان کے لیے بھی سیکھنے والی بات ہے کیوں کہ پاکستان ٹیم کے پاس بے انتہا پوٹینشل ہے تاہم جو پرفارمنس گھر (ہوم گراؤنڈ) میں دکھنی چاہیے وہ باقاعدگی سے ایسے نظر نہیں آتی جیسے بھارت میں نظر آتی ہے، بھارت کے لیے یہ پرفارمنس ورلڈکپ کے سال میں یہ ایک سنگ میل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو 108 رنز پر ہی آؤٹ کردیا تھا جس کے بعد بھارتی ٹیم نے 8 وکٹوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے بھی اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز آخری میچ سے قبل 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔
وقت اشاعت : 23/01/2023 - 11:52:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :