انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کل سے شروع ہوگی

جمعرات 26 جنوری 2023 12:36

انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کل سے شروع ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام انٹر ڈیپارٹمنٹل نیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز کل (جمعہ) سے ہوگا۔ افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور نیوی مدمقابل ہوں گے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری اوج ظہور کے مطابق لیاقت جمنازیم پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جانے والی پانچ روزہ چیمپئن شپ میں شریک سات ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

پول “اے “ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی ، پی او ایف، ریلوے ، نیوی جبکہ پول “بی” میں پاکستان ایئر فورس، واپڈا اور پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ اوج ظہور نے بتایا کہ فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی کھیلے جانیوالی چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور نیوی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پہلے روز پی او ایف واہ اور ریلوے جبکہ واپڈا اور پولیس کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی ۔

28جنوری کو آرمی اور ریلوے، ایئر فورس اور پولیس، پی او ایف اور نیوی ، 29جنوری کو آرمی اور پی او ایف ، ایئر فورس اور واپڈا ، ریلوے اور نیوی کی ٹیموں کے مابین پول میچز کھیلیں جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے 30جنوری جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل 31جنوری کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 26/01/2023 - 12:36:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :