بابر اعظم اور ویرات کوہلی میں موازنہ بنتا ہی نہیں : مصباح الحق

بابر کو جس طرح ٹارگٹ کیا گیا وہ درست نہیں ہے ، کپتان بابر ہو یا کوئی اور پہلے چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 جنوری 2023 18:52

بابر اعظم اور ویرات کوہلی میں موازنہ بنتا ہی نہیں : مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جنوری 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان موازنہ کرنا درست نہیں، کوہلی بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ بابر کا ابھی آغاز ہے۔ مصباح الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم جب ویرات کوہلی جتنی کرکٹ کھیل لیں پھر موازنہ کریں کیونکہ ویرات کوہلی نے جو کچھ حاصل کیا اس کا کوئی میچ ہی نہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں، ان کی اب تک شاندار پرفارمنس ہے اور وہ پاکستان کے عظیم بیٹرز میں سے ایک ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم ہر سال ہر فارمیٹ میں ٹاپ 5 رینکنگ میں آتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ بابر اعظم ایک کوالٹی کرکٹر اور بیٹر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی وائٹ بال کرکٹ میں کارکردگی اچھی جا رہی ہے جبکہ ٹیسٹ پرفارمنس نیچے آئی ہے جس کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ پرفارمنس کے اکیلے بابر اعظم ذمے دار نہیں ہیں، پلاننگ کا فقدان، ٹیم سلیکشن اور کئی چیزیں بھی ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم کو جس طرح ٹارگٹ کیا گیا ہے وہ درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم ہو یا کوئی اور پہلے چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے صرف بیانیہ بنانے یا دباؤ ڈالنے سے فیصلہ نہیں کرنا چاہیے، یہ درست نہیں کہ بس سوچ لیا تو پھر ہٹانا ہی ہے۔
وقت اشاعت : 29/01/2023 - 18:52:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :