پاکستان ہاکی فیڈریشن،سید محمد ظاہر شاہ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اورسید علی عباس کو کوآرڈنیٹر پی ایچ ایف تعینات کر دیا گیا

جمعہ 17 مارچ 2023 22:35

پاکستان ہاکی فیڈریشن،سید محمد ظاہر شاہ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اورسید علی عباس کو کوآرڈنیٹر پی ایچ ایف تعینات کر دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2023ء) صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے گراس روٹ لیول پر پاکستان ہاکی کی ترویج و ترقی، انکے مسائل کے حل اور قومی کھیل کو مقبول عام بنانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن سے جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو قومی کھیل ہاکی کی بہتری ، فروغ اور مقبولیت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں ، ٹیکنیکل آفیشلز، ایمپائرز، کوچز کے ڈویلپمنٹ پروگراموں کی ترویج اور عملدرآمد سمیت ڈومیسٹک انفراسٹرکچر میں بہتری لانے، گراس روٹ لیول پر درپیش مسائل اور انکے احسن تدارک کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تمام ملحقہ یونٹس کو بذریعہ مراسلہ مطلع کردیا گیا ہے۔صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر (ر)خالد سجاد کھوکھر کی منظوری کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سید محمد ظاہر شاہ کو ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پاکستان تعینات کردیا ہے۔ صوبائی ڈائریکٹرز ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ میں رائے عثمان اکبر(پنجاب)، گلفراز احمد خان (سندھ)، حبیب اللہ کاکڑ (بلوچستان)، ضیا الرحمن بنوری (کے پی کے)، میجر (ر) طارق احمد ورک (اسلام آباد)، محمد مشتاق خان ( آزاد کشمیر)اور منور عباس (گلگت،بلتستان)شامل ہیں۔

سید علی عباس ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوآرڈنیٹر پی ایچ ایف تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں قومی کھیل ہاکی کی بہتری کے لئے کام کرے گا اور پی ایچ ایف کو سفارشات بھجوانے اور انکی منظوری کے بعد عملدرآمد کی ذمہ داریاں سرانجام دینے سمیت پی ایچ ایف کے ملحقہ یونٹس کے مابین ہم آہنگی، کھیل اور مقابلہ کی فضا کو بڑھانے، ملک بھر میں کھلاڑیوں ، کوچز اور آفیشلز کے ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرانے اور قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لئے منظور شدہ منصوبہ جات کی نگرانی کی ذمہ داریاں سرانجام دے گا جبکہ تمام صوبائی ڈائریکٹرز ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ اپنے اپنے دائرہ کار میں اس پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

وقت اشاعت : 17/03/2023 - 22:35:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :