لاہور قلندرز مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی

لاہور کے قذافی اسٹیم میں پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز میچ میں ملتان سلطانز کو آخری گیند پر 1 رنز سے شکست، پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم کی جانب سے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 مارچ 2023 23:29

لاہور قلندرز مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2023ء ) لاہور قلندرز مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیم میں پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز میچ میں ملتان سلطانز کو آخری گیند پر شکست ہو گئی۔ پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔

ملتان سلطانز کو میچ کی آخری گیند پر 1 رنز سے شکست ہوئی، رضوان الیون 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا سکی، یوں پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم کی جانب سے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا گیا، شاہین شاہ آفریدی مسلسل دوسرے سال ٹورنامنٹ جیتنے والے واحد کپتان بن گئے۔ جبکہ ملتان سلطانز کو مسلسل دوسرے سال فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

لاہور کے کپتان شاہین آفریدی کی آل راونڈ کارکردگی نے ان کی ٹیم کی فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔ شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ملتان سلطانز کے ریلی روسو نے 52 رنز بنائے۔ اس سے قبل لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے 44 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، جبکہ عبد اللہ شفیق کی جانب سے بھی 65 رنز کی بہترین اننگ کھیلی گئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 وکٹیں لے کر لاہور کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم شاہین آفریدی نے میدان میں آ کر ملتان کے تمام پلانز تہس نہس کر دیے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ میچ کے آغاز سے قبل دفاعی چیمپئن لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں گزشتہ برس کے ٹورنامنٹ میں بھی فائنلسٹ تھیں۔ ٹاس ہارنے والے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئن ٹیموں کو ٹاس سے فرق نہیں پڑتا۔

دونوں ٹیموں نے اپنے آخری میچ میں کھیلائی گئی پلئنگ الیون برقرار رکھی۔
اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ واحد ٹیم ہے جسے 2 مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ اب مسلسل دوسرے سال چیمپئن ٹیم بننے والی لاہور قلندرز کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ملتان سلطانز کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ملیں گے۔

یہاں واضح رہے کہ ملتان سلطانز کوالی فائر میں لاہور قلندرز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی، جبکہ لاہور قلندرز ایلیمینیٹر 2 میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی۔ گزشتہ 3 سالوں میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز ٹورنامنٹ کی سب سے بہترین ٹیمیں بن کر سامنے آئی ہیں۔ ملتان سلطانز نے مسلسل تیسرے سال جبکہ لاہور قلندرز نے مسلسل دوسرے سال پی ایس ایل فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔
وقت اشاعت : 18/03/2023 - 23:29:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :