خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کا چھ روزہ تربیتی کیمپ اختتام پذیر

پیر 20 مارچ 2023 21:29

خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کا  چھ روزہ تربیتی کیمپ اختتام پذیر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کے تعاون سے خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا چھ روزہ تربیتی کیمپ گزشتہ روز مرغرار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ تربیتی کیمپ کے اختتام پر ایوارڈ دینے کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز تھیں۔

اس موقع پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور اسلام بلائنڈ کرکٹ کلب کے صدر بلال ستی بھی موجود تھے۔ یہ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے خواتین بلائنڈ کرکٹ کھلاڑیوں نے حصہ لیا یہ چھ روزہ تربیتی کیمپ آسٹریلوی ہائی کمیشن نے 15 سے 20 مارچ تک پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے منعقد کیا۔

(جاری ہے)

یہ ٹریننگ پی بی سی سی کو آسٹریلیا کی جانب سے امداد پر مبنی ہے جس کی وجہ سے 2018 میں پاکستان کی پہلی نابینا خواتین کرکٹ ٹیم تشکیل پائی۔

نئی ٹیم نے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی اسی سال کھیلا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا کے تعاون کا مقصد زیادہ سے زیادہ معذور خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں میں شمولیت، مقابلے میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا مواقع فراہم کرنا ہے۔ ہاکنز نے مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اس اقدام سے معذور افراد کو منفی سرگرمیوں سے روک تھام میں مدد ملے گی۔

آسٹریلیا اور پاکستان کرکٹ کے لیے ایک جنون رکھتے ہیں، اس لیے ہم معذور خواتین اور لڑکیوں کو کھیل میں لانے کے لیے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی کوششوں کی حمایت کرکے خوش ہیں، قومی نابینا مردوں کی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے کوچز عبدالرزاق، طاہر بٹ اور بختاور اقبال نے ان کھلاڑیوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزائی کی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہاکہ بلائنڈ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس نے حالیہ برسوں میں شمولیت کے لیے اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مقبولیت حاصل کی ہے۔

یہ بصارت سے محروم لوگوں کو ایک اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرنے، اپنی صلاحیتوں اور اعتماد کو فروغ دینے اور میدان کے اندر اور باہر بصارت کے حامل افراد بننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ اقدام زیادہ سے زیادہ معذور افراد کو کھیلوں میں حصہ لینے اور بھرپور زندگی گزارنے کی ترغیب دے گا۔ واضح رہے کہ دو نابینا فیکٹری کارکنوں نے 1922 میں آسٹریلیا کے شہرمیلبورن میں بلائنڈ کرکٹ ایجاد کی جب انہوں نے پتھروں پر مشتمل ایک ٹن کین کا استعمال کرتے ہوئے اس کھیل کا آغاز کیا۔ کچھ سال بعد 1928 میں، میلبورن کے کویونگ میں بلائنڈ کرکٹ کے لیے پہلا اسپورٹس گرائونڈ اور کلب ہائوس بنایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 20/03/2023 - 21:29:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :