مشفق الرحیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے تیزترین ون ڈے انٹرنیشنل سنچری بنا ڈالی، کیریئر کے 7ہزار رنز بھی مکمل

پیر 20 مارچ 2023 23:18

سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) مشفق الرحیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے تیز ترین ون ڈے انٹرنیشنل سنچری بنا ڈالی، کیریئر کے 7ہزار رنز بھی مکمل کر لئے، انہوں نے پیر کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی اور 60گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی،ان کی اننگز میں 14چوکے اور 2چھکے شامل ہیں، اسطرح انہوں نے بنگلہ دیش کی طرف سے تیزترین سنچری بنانے کا شکیب الحسن کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 2009 میں زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 63گیندوں پر سنچری سکور کی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ مشفق نے کیریئر کے 7ہزار رنز بھی مکمل کر لئے، وہ 7ہزار ون ڈے انٹرنیشنل رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے تمیم اقبال اور شکیب الحسن کے بعد تیسرے بنگلہ دیشی بیٹر ہیں، مشفق نے اب تک 244میچز میں 7045رنز بنا رکھے ہیں جس میں ان کی 9شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں، تمیم اقبال 8169رنز بناکرسرفہرست ہیں، شکیب الحسن 7086رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 20/03/2023 - 23:18:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :