کوٹلی ،سید علی گیلانی میموریل ال پاکستان والی بال چیمپئین شپ پاکستان آرمی نے جیت لی

بابائے حریت نے کشمیریوں کی نوجوان نسل کو عظیم نعرہ’’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے’’دیکر ان کے لئے مستقبل کی راہ متعین کر دی،چوہدری محمد رفیق نیئر

منگل 21 مارچ 2023 16:16

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے زیر اہتمام سید علی گیلانی میموریل ال پاکستان والی بال چیمپئین شپ پاکستان آرمی نے جیت لی۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر منعقد ہونے والے جشن بہاراں فیسٹیول کا اختتامی ایونٹ گذشتہ سہہ پہر پلٹ سیداں سہنسہ ڈگری کالج میں منعقد ہوا جہاں پاک آرمی کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد آل پاکستان علی سید گیلانی میموریل والی بال چیمپیئن شپ کا فائنل پاک نیوی کو3 -1سے ہرا کر جیت لیا، ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے چھ بہترین ٹیموں نے حصہ لیا پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی ٹیموں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی برائے اطلاعات،سمال انڈسٹریز و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نئیر تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈی جی سپورٹس چوہدری محمد مہربان،صدر آزاد کشمیر والی بال ایسو سی ایشن سابق سیکریٹری سردار محمد نواز خان،چئیرمین ضلع کونسل چوہدری غفور جاوید،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد رمضان،ڈی پی محمد فاروق،ممبر ضلع کونسل جمیل چوہان ایڈووکیٹ،ممبر ضلع کونسل شمعویل،پی آر او چوہدری عامر،پرنسپل کالج چوہدری اکرم اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی چوہدری محمد رفیق نئیر نے انعامات تقسیم کئے۔ ٹورنامنٹ میں واپڈا،کے پی کے،پنجاب،اے جے کے کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات،سمال انڈسٹریز کارپوریشن و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ صحت مند دماغ کے لئے صحت مند جسم ناگزیر ہے کھیلوں سے نوجوان نسل میں مثبت سوچ پروان چڑھتی ہے اور نوجوان منشیات جیسی برائیوں سے دور رہتے ہیں۔

انہوں نے عظیم حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے گرانقدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے حریت نے کشمیریوں کی نوجوان نسل کو عظیم نعرہ’’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے’’دیکر ان کے لئے مستقبل کی راہ متعین کر دی۔کشمیر کا جوان،بزرگ،بچہ بچہ سید علی گیلانی کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جبر سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا اور جلد کشمیر کو چھوڑنا پڑے گا۔ مہمان خصوصی نے چیمپئین شپ جیتنے والی ٹیم کے لئے ایک لاکھ اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے لئے 60 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ آخر میں معاون خصوصی برائے اطلاعات،سمال انڈسٹریز کارپوریشن و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نئیر نے انعامات تقسیم کئے۔
وقت اشاعت : 21/03/2023 - 16:16:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :