نیا ناظم آباد پہلی مرتبہ رمضان بینکرز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا

ایونٹ 21 مارچ سے 2 اپریل 2023ء تک جاری رہے گا، مقابلے میں کل 12 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 25 میچ کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 مارچ 2023 16:43

نیا ناظم آباد پہلی مرتبہ رمضان بینکرز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 مارچ 2023ء ) پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار بڑے کمرشل بینک کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے جو اس رمضان میں نیا ناظم آباد میں منعقد ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ نیا ناظم آباد کی انتظامیہ کی جانب سے معروف ’رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کے نویں ورژن کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے جس کا عنوان، ’نیا ناظم آباد بینکرز کپ 2023ء‘ ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مکمل طور پر توثیق شدہ یہ ایونٹ 21 مارچ 2023ء کو شروع ہوگا اور 2 اپریل 2023ء تک جاری رہے گا۔ اس سال اس مقابلے میں کل 12 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 25 میچ کھیلے جائیں گے۔ 25 واں میچ فائنل ہوگا جو اتوار 02 اپریل 2023 کو ہوگا۔ بینک الفلاح، حبیب میٹروپولیٹن بینک، فیصل بینک، بینک آف پنجاب، دبئی اسلامک بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، میزان بینک، سندھ بینک اور عسکری بینک 'نیا ناظم آباد بینکرز کپ 2023' کے لیے معاون پارٹنرز کے طور پر شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

فاطمہ فرٹیلائزر بھی ایونٹ کی بڑی سپانسر ہوں گی۔ عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ اس ایونٹ میں معروف بینکوں کی شمولیت اور ان کی شراکت داری سے نہ صرف پاکستان میں ڈیپارٹمنٹ اور کلب کی سطح کی کرکٹ کو سپورٹ ملے گی بلکہ نوجوان کرکٹرز کے لیے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ یہ ٹورنامنٹ تمام برانڈ پارٹنرز اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے بھی بہت اہم ہے کیونکہ پاکستان میں اتنے بڑے رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کبھی نہیں ہوا، جہاں متعدد بڑے کمرشل بینکوں کے کنسورشیم کو ایونٹ پارٹنرز کے طور پر لیا گیا ہو۔

لوگوں کو سنسنی خیز کھیلوں کے ذریعے معیاری کرکٹ میچ دیکھنے کو ملیں گے کیونکہ سرفراز احمد، اسد شفیق، انور علی، فواد عالم، خرم منظور، محمد عرفان، سعود شکیل، خوشدل شاہ، حیدر علی، سہیل اختر، خالد عثمان، حسن نواز، اویس ضیاء، موسیٰ خان، تابش خان اور کئی دیگر قائم اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی مختلف ڈپارٹمنٹل اور کلب ٹیموں کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔

نیا ناظم آباد بینکرز کپ 2023ء نوجوان کرکٹرز اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ تمام میچز پاکستان ٹیلی ویژن پی ٹی وی سپورٹس کے ذریعے براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ یہ ایونٹ پاکستان میں رمضان کرکٹ فیسٹیول کا سب سے زیادہ انعامی ایونٹ ہو گا جس کی مجموعی انعامی رقم 2 ملین روپے ہوگی جس میں سے 1.2 ملین جیتنے والی ٹیم کو اور رنر اپ کو 6 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 21/03/2023 - 16:43:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :