شاہین آفریدی ٹیم کا خوف کا کلچر تبدیل کرنے کیلئے موزوں کپتان :عاقب جاوید

پیسر کو ٹیلنٹ اور مہارت اپنی مرضی سے استعمال کرنے کی اجازت ہونا چاہیے: کوچ لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 مارچ 2023 13:12

شاہین آفریدی ٹیم کا خوف کا کلچر تبدیل کرنے کیلئے موزوں کپتان :عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2023ء ) عاقب جاوید نے قومی ٹیم کا مزاج بدلنے کیلیے شاہین شاہ آفریدی کو موزوں کپتان قرار دے دیا۔ ویب سائٹ ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کو انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ کیسا کپتان چاہیے، یہ فیصلہ پی سی بی کے چیئرمین کو کرنا ہوتا ہے، شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کو مسلسل 2 بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جتوا چکے ہیں، کوئی اور یہ نہیں کرپایا، میں نہیں سمجھتا کہ کوئی چیئرمین ایسا آیا یا آئے گا جو کہے کہ کپتان ہی سب فیصلے کرے، اگر کوئی ڈرا سہما رہے، غیر ملکی ٹیم آئے تو کہے گھاس اڑا کر سلو پچز بنا دو، کہیں ایسا نہ ہوجائے، تنقید نہ ہو، ہار گئے تو کیا ہوگا تو کیسے بہتری آئے گی، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں یہی 15سال سے ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی جیسا کپتان اس کلچر کو تبدیل کرسکتا ہے، اگر کوئی مختلف تجربہ کرنا چاہے تو ٹھیک ہے، اگر چاہتے ہیں کہ سوچ اور کلچر تبدیل ہو، مثبت رویہ اور جارحیت آئے تو شاہین شاہ آفریدی تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر عاقب جاوید نے کہا کہ مینجمنٹ ڈرافٹ میں اچھے کرکٹرز منتخب کرنے کی کوشش کرتی ہے، کوئی ایونٹ سے 1،2 روز قبل یکجا ہونے والے پلیئرز کا بیٹ سیدھا نہیں کرواسکتا، اہم بات ٹیم کا ماحول ہے، سکندررضا، راشد خان اور ہیری بروک سمیت ہمارے تمام کھلاڑی لاہور قلندرز فیملی کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں لیکن ایک بن کر دکھانا پڑتا ہے، باتوں سے نہیں عمل سے ماحول بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلیئرز سے کہتا ہوں کہ میں نے دسمبر 1998ء میں آخری میچ کھیلا تھا، آپ سب کو مجموعی طور پر سینکڑوں میچز کا تجربہ حاصل ہے، آپ سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا کہ پچ اور کنڈیشنز کیسی ہیں، میری یہ سوچ ہے کہ اگر شاہین شاہ آفریدی کو فیصلوں کی آزادی نہیں دینا تو کپتان بنانے کا کوئی مقصد نہیں، بچوں کو بڑے ہونے کا موقع دینا چاہیے، ان کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ کرو، وہ نہ کرو، شاہین کپتان ہیں، ان کی مرضی ہے کہ چاہیں تو بطور اوپنر بیٹنگ کریں، پلیئرز کو عزت اور طاقت دینا چاہیے، پیسر ہر گیند پر وکٹ اڑانے کا عزم لیے جاتے ہیں ،عاقب جاوید نے کہا کہ فائنل میں 2 اوورز اچھے نہیں گئے تو کم بیک کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں اڑا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، لیڈر کی یہی خوبی ہوتی ہے، یہی رویہ ان کی قوت ہے، ان کو ٹیلنٹ اور مہارت اپنی مرضی سے استعمال کرنے کی اجازت ہونا چاہیے۔

وقت اشاعت : 22/03/2023 - 13:12:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :