وہاب ریاض نے مشیر برائے کھیل اور یوتھ افیئرز کا چارج سنبھال لیا

پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی کوشش کریںگے، نوجوان آگے آئیں اور مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں: کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 مارچ 2023 15:37

وہاب ریاض نے مشیر برائے کھیل اور یوتھ افیئرز کا چارج سنبھال لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2023ء ) ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے مشیر برائے کھیل اور یوتھ افیئر کا چارج سنبھال لیا۔ مشیر برائے کھیل نے پنجاب کے سیکرٹری سپورٹس شاہد زمان اور ڈی جی سپورٹس محمد طارق قریشی سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ شاہد زمان اور طارق قریشی نے وہاب ریاض کو مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

مشیر کو آئندہ تقریبات اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔ قومی کرکٹر سے ایڈمنسٹریٹر بننے والے کھلاڑی نے یقین دلایا کہ وہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ نوجوان آگے آئیں اور مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم تمام وسائل کو بروئے کار لانا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا یقینی بنائیں گے۔" وہاب ریاض کو پنجاب کی نگراں حکومت میں وزیر کھیل نامزد کیا گیا تھا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے درخواست کی کہ حلف اٹھانے سے پہلے انہیں حال ہی میں ختم ہونے والا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کھیلنے دیا جائے۔ پی ایس ایل 8 سے کامیابی کے بعد اب کرکٹر نے مشیر کھیل کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وہاب ریاض نے پی ایس ایل 8 میں بابر اعظم کی کپتانی میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔ وہاب نے رواں سال 11 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ مجموعی طور پر وہ 113 وکٹوں کے ساتھ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
وقت اشاعت : 22/03/2023 - 15:37:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :