کرکٹ کے چیمپئن بننے کے بعد لاہور قلندرز نے ہاکی لیگ کی تیاریوں کا کام مزید تیزکردیا

بدھ 22 مارچ 2023 23:19

کرکٹ کے چیمپئن بننے کے بعد لاہور قلندرز نے ہاکی لیگ کی تیاریوں کا کام مزید تیزکردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) کرکٹ کے چیمپئن بننے کے بعد لاہور قلندرز نے ہاکی لیگ کی تیاریوں کا کام مزید تیز کردیا۔ لاہورقلندرز سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق سابق اولمپئن شہباز سینئر کی قلندرز آفس میں لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ لاہور قلندرز عاقب جاوید بھی موجود تھے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں لیگ کی تیاریوں اور ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق اولمپئن شہباز سینئر نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ہاکی کی بحالی کے اقدامات کرنا قابل ستائش ہے،لاہور قلندرز کی انتظامیہ صاف نیت سے قومی کھیل کی بحالی چاہتی ہے، انہیں کامیابی ملے گی، لاہور قلندرز کے آفس آ کر مجھے بہت اچھا لگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان سے پلئیرز ڈویلپمینٹ کے حوالے سے گفتگو کی،پاکستان بھر میں لاہور قلندرز نے کھیل کی ڈویلپمنٹ کے لئے بہت کام کیا ہے،ان کے کام کی وجہ سے ہر کوئی ان کا فین بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کو جو دعائیں ملتی ہیں ان کی وجہ سے انہوں نے لگاتار دوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ اگر ہم ہاکی پر ایک ہزار ملین روپے بھی لگائیں ہم ہاکی کو پروموٹ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکولز اور کالجز میں ہاکی ختم ہو چکی ہے یہ کھیل نوجوانوں میں مقبول نہیں رہا،ہاکی کے ساتھ اگر لاہور قلندرز جڑ جاتی ہے تو ہاکی برانڈ بن جائے گا تو اس کی بہتری کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرجوش نوجوان آگے آئیں گے تو ہاکی بہتر ہو گی، ہالینڈ کی مثال ہمارے سامنے ہے، جب کھلاڑیوں کی تعداد بڑھے گی تو کوالٹی ہمارے سامنے آئے گی، اس وقت نہ تعداد ہے اور نہ ہی کوالٹی۔ شہباز سنئیرنے کہا کہ ہاکی دم توڑ چکی ہے ایسے میں لاہور قلندرز کا آگے آنے سے ہاکی کو بہت فائدہ ہو گا۔
وقت اشاعت : 22/03/2023 - 23:19:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :