پنجاب کی تین ہاکی ٹیموں کے چنائو کے لئے ایک روزہ ٹرائلز30 مارچ کوہوں گے

پیر 27 مارچ 2023 16:10

پنجاب کی تین ہاکی ٹیموں کے چنائو کے لئے ایک روزہ ٹرائلز30 مارچ کوہوں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2023ء) پنجاب کی تین ہاکی ٹیموں کے چنائو کے سلسلہ میں ایک روزہ ٹرائلز 30 مارچ کو ہوں گے ۔ یہ ٹرائلز تین مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔منتخب ٹیمیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام کراچی میں کھیلی جانے والی نیشنل انڈر 21جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل پنجاب ٹیم (گوجرانوالہ ریجن، لاہور ریجن ، ساہیوال ریجن) کے ٹرائلز 30 مارچ بروز جمعرات کو صبح 9 بجے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم گراؤنڈ نمبر 2، لاہور میں منعقد ہوں گے۔

ٹرائلز کمیٹی میں کرنل( ر) آصف ناز کھوکھر چیئرمین سلیکشن کمیٹی دیگر ممبران میں ڈی ایس پی قدیر بشیر انٹرنیشنل اور عمران رسول انٹرنیشنل شامل ہوں گے جبکہ انسپکٹر مسعود الرحمن انٹرنیشنل فوکل پرسن تعینات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نارتھ پنجاب ٹیم( راولپنڈی ریجن، گجرات ریجن، سرگودھا ریجن، فیصل آباد ریجن) کے ٹرائلز 30 مارچ بروز جمعرات صبح 9 بجے، شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی ہوں گے۔

ٹرائلز کمیٹی برائے نارتھ پنجاب میں سید علی عباس کوآرڈینیٹر پی ایچ ایف ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ، رانا زبیر انٹرنیشنل شامل ہیں جبکہ محمد یٰسین سیکرٹری ڈی ایچ اے راولپنڈی فوکل پرسن تعینات کئے گئے ہیں۔ ساوتھ پنجاب ٹیم (بہاولپور ریجن،ڈیرہ غازی خان ریجن، ملتان ریجن) کے ٹرائلز 30 مارچ بروز جمعرات صبح 9بجے، مطیع اللہ ہاکی سٹیڈیم بہاولپور ہوں گے۔

ٹرائلز کمیٹی برائے ساوتھ پنجاب میں ٹرائلز کمیٹی میں اولمپیئن محمد عمر بھٹہ چیئرمین سلیکشن کمیٹی ، رائے عثمان اکبر ڈائریکٹر ڈومیسٹک ڈویلپمنٹ پنجاب، میجر جاوید ارشد منج ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و کوآرڈینیشن پی ایچ ایف ہوں گے جبکہ محمد ارشد سیکرٹری ڈی ایچ اے بہاولپور فوکل پرسن تعینات کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ کرنل( ر) آصف ناز کھوکھر سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے ٹرائلز میں شرکت کے خواہاں کھلاڑیوں کے لئے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اصل عمر تصدیقی دستاویزات (شناختی کارڈ/ نادرا فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ / فارم ب ) بمعہ فوٹوکاپی اور ایک عدد تصویر جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

ایسے تمام ڈیپارٹمنٹل و نان ڈیپارٹمنٹل کھلاڑی جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 2002 یا اسکے بعد ہو گی، ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
وقت اشاعت : 27/03/2023 - 16:10:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :