استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ،پاکستان واپڈا،پاکستان آرمی ،ماڑی پٹرولیم اور پاکستان نیوی سیمی فائنل میں داخل

منگل 28 مارچ 2023 21:51

استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ،پاکستان واپڈا،پاکستان آرمی ،ماڑی پٹرولیم اور پاکستان نیوی  سیمی فائنل میں داخل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2023ء) پاکستان واپڈا کے بعد پاکستان آرمی ،ماڑی پٹرولیم اور پاکستان نیوی نے پہلے آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لائٹس ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ،آخری لیگ میچوں میں کسٹمز اور پولیس کو شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ منگل کو یہان جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری استاد اسلم روڈا میموریل رمضان ہاکی ٹورنامنٹ کے پانچویں روز مزید تین میچز کھیلے گئے ۔

اس موقع پرعرفان سینئر،بابرعبداللہ،خاور جاوید،چیف کوآرڈی نیٹر لیاقت بھٹہ،اولمپئن طارق عمران ،امپائر منیجر ذوالفقار حسین،منور حسین،اصغر اعوان ،مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پول اے سے واپڈا کے بعدآرمی جبکہ پول بی سے پاکستان نیوی اور ماڑی پیٹرولیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ۔ ایونٹ کے پانچویں روز ماڑی پیٹرولیم نے پنجاب پولیس کو با آسانی7-1گولز شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ، نوید عالم نے تین ،ارشد لیاقت نے دو جبکہ وقار اور سفیان خان نے ایک ایک گول اسکور کیا ،پنجاب پولیس کا واحد گول عبدالرحمان نے اسکور کیا ۔

میچ کے مہمان خصوصی پی ٹی وی کے ایگزیکٹو پروڈیوسر انجم مشتاق تھے جن کا دونوں ٹیموں سے تعارف کروایا گیا ،اس میچ کے مین آف دی میچ نوید عالم قرار دئیے گئے ۔دوسرے میچ میں پاکستان نیوی نے کسٹمز کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا ۔کسٹمز کے عمرنے پہلے کوارٹر میں 13ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے 25ویں منٹ میں نیوی کے اکبر علی نے برابر کیا ۔

ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک سے برابر تھا ۔تیسرے کوارٹر میں ایم نعمان نے 31ویں اور 40 ویں منٹ میں دو گول کر کے اسکور 3-1 کر دیا ، فاتح ٹیم کی جانب سے چوتھا گول 56 ویں منٹ میں بشارت علی نے کیا ۔اس میچ کے مہمان خصوصی واپڈا کے کوچ وحید مرزا تھے ، مین آف دی میچ اکبر علی کو قرار دیا گیا ۔پاکستان آرمی نے آخری میچ میں گوجرہ کو با آسانی شکست دے دی ۔

پہلے سیمی فائنل میں پاکستان واپڈا کا مقابلہ پاکستان نیوی سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ماڑی پیٹرولیم کا مقابلہ پاکستان آرمی سے شیڈول ہے ۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں،پول اے میں واپڈا،پاکستان آرمی،پنجاب رینجرزاور گوجرہ جبکہ پول بی میں پاکستا ن نیوی،ماڑی پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ، پاکستان کسٹمزاور پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 28/03/2023 - 21:51:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :