کسی ایسے ساتھی کیساتھ کھیلنے سے انکار کر دیتا جسکا فٹنس لیول اعظم خان جیسا ہو :عاقب جاوید

مجھے کوئی شک نہیں کہ اس سیریز کیلئے سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت اس بات پر کوئی غور نہیں کیا گیا کہ پاکستان کی نمائندگی کیلئے کس معیار کی مہارت اور فٹنس کی ضرورت ہے: کوچ لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 مارچ 2023 14:00

کسی ایسے ساتھی کیساتھ کھیلنے سے انکار کر دیتا جسکا فٹنس لیول اعظم خان جیسا ہو :عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 مارچ 2023ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عاقب جاوید کا یہ تبصرہ وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کی حالیہ کارکردگی کے بعد سامنے آیا، جو اپنی فٹنس کی وجہ سے افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران مشکلات کا شکار ہوئے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ "مجھے یقین نہیں ہے کہ یہ کس قسم کا تجربہ تھا۔ یہ بات میرے لیے واضح ہے کہ اس سیریز کے لیے سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت اس بات پر کوئی غور نہیں کیا گیا کہ پاکستان کی نمائندگی کے لیے کس معیار کی مہارت اور فٹنس کی ضرورت ہے۔" عاقب جاوید نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی ایسے ساتھی کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیتے جس کی فٹنس لیول نوجوان وکٹ کیپر بلے باز جیسی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر میں اس سکواڈ میں کھلاڑی ہوتا تو میں اس ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیتا۔ کھیلنے سے پہلے کم از کم فٹنس کے کچھ میعار حاصل کریں، امید ہے کہ انہوں نے اس سے سبق سیکھا ہوگا۔ اعظم خان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے دوران اپنی جارحانہ بلے بازی سے ایک مضبوط قوت ثابت ہوئے، لیکن ان کی کارکردگی اس وقت ماند پڑ گئی جب انہیں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا۔ 24 سالہ کھلاڑی اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ دونوں کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے متاثر کرنے میں ناکام رہے۔
وقت اشاعت : 29/03/2023 - 14:00:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :