کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر کی اپنی ٹیم کی تین سالہ مایوس کن کارکردگی پر اپنے ساتھیوں پر تنقید

ٹیم منتخب کرنے میں اونر ندیم عمر، کوچ معین خان اور میڈیا منیجر نبیل ہاشمی کا کردار ہوتا ہے،اعظم خان کی گفتگو

ہفتہ 1 اپریل 2023 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2023ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان نے اپنی ٹیم کی تین سالہ مایوس کن کارکردگی پر اپنے ہی ساتھیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم منتخب کرنے میں اونر ندیم عمر، کوچ معین خان اور میڈیا منیجر نبیل ہاشمی کا کردار ہوتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان ٹیم کے اندرونی معاملات سے خود کو بری الزمہ قرار دینے لگے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ آٹھ سال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ کا اتحاد پاش پاش ہونے کا خدشہ ہے۔اعظم خان منیجر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کا حصہ نہیں رہا، ٹیم منتخب کرنے میں اونر ندیم عمر، کوچ معین خان اور میڈیا منیجر نبیل ہاشمی کا کردار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میں بھی میرا رول واضح نہیں ہے، بدقسمتی سے جو ٹیم بن رہی ہے وہ دو تین سال سے اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہی۔

انہوںنے کہاکہ منیجر کا کام ٹیم جوڑنا نہیں ہوتا وہ معاملات کو مینج کرتا ہے، کپتان سرفراز احمد کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ جتوانا چاہیے تھاتاہم برا وقت ہوتا ہے تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے، سرفراز دو سال سے اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے تاہم کسی بھی کرکٹر کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے، سرفراز کو مسلسل ٹارگٹ کرنا مناسب نہیں ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر نے کہاکہ سعود شکیل گزشتہ دو تین سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں، ٹیسٹ کی بہترین کارکردگی پر انھیں دوبارہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن ٹیم کے تھنک ٹینک نے انھیں کھلانا بہتر نہیں سمجھا۔

انہوںنے کہاکہ کوچ اور کپتان جب پلئینگ الیون بناتے ہیں تو بدقسمتی سے سعود شکیل کی جگہ نہیں بنی ہو گی، میرے خیال میں انھیں موقع ملنا چاہیے تھا، ان کے ٹوئٹ سے نقصان یا فائدہ ان ہی کا ہو گا۔اعظم خان نے کہاکہ ڈرا فٹنگ کے سب سے مہنگے کھلاڑی ہسارنگا کے نہ آنے سے ٹیم کا بیلنس متاثر ہوا، ورلڈ کلاس اسپنر مشکلات سے ٹیم کو باہر نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ جیسن رائے کی غیر موجودگی بھی ٹیم کومبینیشن پر اثر انداز ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس میں میری تیار کردہ ٹیم کھیل رہی ہے، اس ٹیم کی ہر اچھی بری کارکردگی کا ذمہ دار میں ہوں۔خیال رہے کہ اعظم خان گزشتہ 32 سال سے کراچی کرکٹ سے وابستہ ہیں، اعظم خان کو کراچی کرکٹ کا سب سے طاقتور منیجر تصور کیا جاتا ہے۔پاکستان کلب اعظم خان کا کلب ہے جس نے قومی کرکٹ ٹیم کو گزشتہ کئی سالوں سے بہترین کرکٹرز فراہم کیے جن میں سرفراز احمد سرفہرست ہیں۔
وقت اشاعت : 01/04/2023 - 19:40:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :