ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان نے سوریا کمار یادو سے اپنا فاصلہ مزید کم کرلیا

بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار، افتخار احمد کی 6 درجے ترقی، عماد وسیم آل راؤنڈرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں 44 درجے بڑھ کر 24ویں نمبر پر پہنچ گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 اپریل 2023 13:33

ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان نے سوریا کمار یادو سے اپنا فاصلہ مزید کم کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2023ء ) قومی اوپنر محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کیخلاف حال ہی میں مکمل ہونے والی T20I سیریز میں شاندار کارکردگی دکھا کر آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادو سے فاصلہ مزید کم کرلیا۔ محمد رضوان نے بلیک کیپس کے خلاف T20I سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کے دوران ناقابل شکست 98* رنز بنائے اور دائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے مجموعی طور پر 162 رنز کے ساتھ پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کے طور پر سیریز کا خاتمہ کیا۔

اس سے رضوان کو سوریہ کمار پر 100 سے کم ریٹنگ پوائنٹس کا فاصلہ کم کرنے میں مدد ملی، ہندوستانی سٹار اب بھی 906 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پاکستانی تجربہ کار بلے باز 798 سے 811 پوائنٹس پر پہنچ کر درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کے کپتان بابر اعظم بلے بازوں کی تازہ ترین T20I رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں، سیریز کے آخری میچ میں صرف 19 رنز بنانے کے باعث دائیں ہاتھ کے کھلاڑی کے 13 ریٹنگ پوائنٹس گر کر 756 پوائنٹس پر آگئے ہیں۔

T20I بلے بازوں کی تازہ ترین درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین راولپنڈی میں سیریز کے آخری میچ میں سنچری کے بعد 45 درجے ترقی کرکے مجموعی طور پر کیریئر کی بہترین 35ویں نمبر پر آگئے۔ افتخار احمد نے فائنل میچ میں 36 رنز بنائے، وہ 6 درجے آگے بڑھ کر مشترکہ 38 ویں نمبر پر آگئے، جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے ۔ آل راؤنڈر عماد وسیم نے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں 31 رنز بنائے اور سیریز کے دوران 10.37 کی اوسط سے 8 وکٹیں لیں ، 34 سالہ عماد کو باؤلر اور آل راؤنڈر دونوں کی درجہ بندی میں انعام دیا گیا۔

عماد باؤلرز کی فہرست میں ٹاپ 100 کے اندر چھلانگ لگاکر T20I آل راؤنڈرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں 44 درجے بڑھ کر 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے سپنر راشد خان ٹی ٹونٹی باؤلر رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں جب کہ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن آل راؤنڈرز کی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
وقت اشاعت : 26/04/2023 - 13:33:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :