فخر زمان لیجنڈری بیٹر کمار سنگا کارا کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

اوپنر اگر نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں لگاتار چوتھی سنچری بنا لیتے ہیں تو وہ عظیم سابق سری لنکن وکٹ کیپر بیٹر کا ریکارڈ برابر کر لیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مئی 2023 13:09

فخر زمان لیجنڈری بیٹر کمار سنگا کارا کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان حالیہ دنوں میں ون ڈے کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز میں فخر زمان نے دو سینچریاں سکور کرتے ہوئے سنچریوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے اِس ہیٹرک کی پہلی سنچری کراچی میں جنوری 2023ء میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ ہی کے خلاف بنائی تھی۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر نے آخری تین ون ڈے میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 101، 117 اور 180 رنز سکور کیے۔ کیویز کے خلاف پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر کی 10 ویں سنچری سکور کی۔ وہ اب تک ون ڈے کرکٹ میں 67 میچز کھیل کر مجموعی طور پر 49 کی اوسط سے 3082 رنز بنا چکے ہیں جس میں 10 سنچریاں اور 15 ففٹیاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق فخر زمان اگر نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں لگاتار چوتھی سنچری بنا لیتے ہیں تو وہ عظیم سابق سری لنکن وکٹ کیپر بیٹر کمار سنگاکارا کا ریکارڈ برابر کر لیں گے۔ ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں ابھی تک تین لگاتار سینچریاں صرف 12 مرتبہ بن چکی ہیں جبکہ کمار سنگاکارا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے لگاتار چار سنچریاں سکور کی ہیں۔

انہوں نے 2015ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف بالترتیب 105، 117، 104 اور 124 رنز بنائے تھے۔ خیال رہے فخر زمان کی نیوزی لیںڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 180 رنز کی اننگز پاکستان کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ میں چوتھی بڑی اننگز تھی جبکہ ملک کے لیے اس فارمیٹ میں وہ سب سے بڑی 210 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلنے کا بھی ریکارڈ رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 02/05/2023 - 13:09:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :