پاکستان دنیا کی نمبر 1 ٹیم بننے سے صرف ایک قدم دور، چوتھے ایک روزہ میچ میں کیویز کو تگڑا ہدف مل گیا

آخری چند گیندوں پر شاہین آفریدی کے چھکوں پر چھکے، پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنانے میں کامیاب رہا

muhammad ali محمد علی جمعہ 5 مئی 2023 19:29

پاکستان دنیا کی نمبر 1 ٹیم بننے سے صرف ایک قدم دور، چوتھے ایک روزہ میچ میں کیویز کو تگڑا ہدف مل گیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مئی 2023ء ) آخری چند گیندوں میں شاہین آفریدی کے چھکوں پر چھکے، پاکستان نے کیویز کو تگڑا ہدف دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان دنیا کی نمبر 1 ٹیم بننے سے صرف ایک قدم دور، چوتھے ایک روزہ میچ میں کیویز کو تگڑا ہدف مل گیا۔ کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ کی پہلی اننگ کی آخری چند گیندوں پر شاہین آفریدی کے چھکے پر چھکوں کے باعث پاکستان مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم شاندار سینچری اسکور کر کے سب سے نمایاں رہے، جبکہ سلمان علی آغا نے نصف سینچری اسکور کی، شان مسعود 44 رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 7 گیندوں پر 23 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔

(جاری ہے)

محمد رضوان 24، افتخار احمد 28 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، ایش سودھی اور بین لسٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئیں۔ امام الحق ، شاداب خان ، عبداللہ شفیق ، نسیم شاہ اور محمد نواز کی جگہ شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، اسامہ میر اور حارث رؤف پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہے، آج کے میچ میں فتح کی صورت میں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان آئی سی سی کی نمبر 1 رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے 2 میچز اور کراچی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بابر الیون نے کیویز کو شکست دے کر 12 سال بعد مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی سمیٹی۔ جبکہ واضح رہے کہ سیریز کا آخری اور پانچواں میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا، جس کے بعد 5 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ میچز کی طویل سیریز اختتام کو پہنچے گی۔
وقت اشاعت : 05/05/2023 - 19:29:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :