کھیلوں کے میدان میں حکومت جتنے وسائل کھلاڑیوں کے قدموں میں نچھاور کرسکے کم ہیں: وزیر اعظم

قوم کی بیٹوں اور بیٹیوں نے ملک اور بیرون ممالک میں نام روشن کیا، بیرون ممالک میں سرسبز ہلالی جھںڈے کو اور اونچا کیا، آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہباز شریف کا 34 ویں نیشنل گیمز کی افتتاح کے موقع پر خطاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 مئی 2023 16:35

کھیلوں کے میدان میں حکومت جتنے وسائل کھلاڑیوں کے قدموں میں نچھاور کرسکے کم ہیں: وزیر اعظم
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مئی 2023ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹوں اور بیٹیوں نے ملک اور بیرون ممالک میں نام روشن کیا، بیرون ممالک میں سرسبز ہلالی جھںڈے کو اور اونچا کیا، آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم میں 34ویں نیشنل گیمز کی افتتاح کے موقع خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ، گورنر بلوچستان، وفاقی وزراء، صوبائی وزراء و دیگر کو السلام علیکم کہتا ہوں، قوم کی بیٹوں اور بیٹیوں نے ملک اور بیرون ممالک میں نام روشن کیا، بیرون ممالک میں سرسبز ہلالی جھںڈے کو اور اونچا کیا، آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو کامیاب پروگرام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 19سال بعد نیشنل گیمز کوئٹہ میں ہو رہی ہے، تاریخی شہرمیں کھیلوں کا انعقاد قومی یکجہتی اور ملک سے محبت کا عظیم شاہکار ہے، قوم کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، اس کو بروئے کارلاکر ہر میدان میں کامیابی سمیٹ سکتے ہیں، آپ پاکستان کا نام ستاروں تک لے جاسکتے ہیں بشرطیہ کہ آپ کو مواقع ملیں، ماضی میں ہماری حکومت نے ملک میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے، سکول بنائے، کھیلوں کے میدان سجائے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں بھی حکومت جتنے وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کرسکی کم ہیں، وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے نوجوان صحتمند اور توانا ہوں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے وزیراعظم نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کو قربانیوں کے نتیجے میں امن کا گہوارہ بنایا گیا، پاکستان میں کچھ سال قبل دہشتگردی سے کوئی علاقہ محفوظ نہ تھا، جب پاکستان بنا تو لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں ، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے افواج اور ان کے بچوں نے قربانیاں دیں، منظم دہشتگردی کی لہر نے ملک کو لپیٹ میں لیا ہوا تھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا سر ہم کچل دیں گے، شہیدوں نے جنہوں پاکستانیوں کی زندگی کو پرسکون بنایا، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ان کی عزت کو تاقیامت برقرار رکھنا چاہیے، دشمن چاہتا تھا پاکستان تباہ ہو جاتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ دلخراش واقعہ تھا، لاہور میں قائداعظم کے گھر پر حملہ کر کے تباہ کیا تھا، قائداعظم کے گھر کو جلا کر راکھ بنا دیا گیا تھا، یہ سوچ پاکستانی نہیں ہو سکتی، پشاورمیں ریڈیو پاکستان کو جلایاگیا ،جی ایچ کیو میں حملہ آور ہوئے، یہ پاکستانی نہیں تھے، یہ حب الوطنی نہیں ملک دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن 75 سال میں وہ کام نہ کرسکا جو 9 مئی کے واقعات سے ہوا، ایسے اقدامات کرنے ہوں گے کہ ایسے کام دوبارہ نہ ہوں، جنہوں نے شہداء اورغازیوں کی بے حرمتی کی یہ کسی طور قابل قبول نہیں، یہ قابل مذمت ہے، یہ دن پاکستانی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، قانون حرکت میں آئے گا اور ملوث لوگ اس کی گرفت میں آئیں گے۔
وقت اشاعت : 22/05/2023 - 16:35:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :