ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ 24 جون سے گلگت میں شروع ہوگی، عثمان وزیر

جمعرات 25 مئی 2023 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2023ء) باکسنگ ورلڈ یوتھ چیمپئن عثمان وزیر نے کہا ہے کہ ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ 24 جون سے گلگت میں شروع ہوگی ، یوم تکریم شہداء کے موقع پر اپنے تمام ٹائٹل ملکی دفاع کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء کے نام کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان ہائوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں یوم تکریم شہداء کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے اور پوری قوم ان شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عثمان وزیر نے کہا کہ گلگت میں شروع ہونے والی ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت 14 ممالک کے باکسرز حصہ لے رہے ہیں جن میں برطانیہ، بنگلہ دیش، ایران، فلپائن، تراکیہ، ملائیشیا، افغانستان، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، جرمنی، کیمرون اورتنزانيہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ٹائٹل کا بھر دفاع کریں گے۔ عثمان وزیر کی فائیٹ فقیری جمہ سے ہوگی اور اس فائیٹ کو 30 ہزار سے زائد شائقین دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہر صوبے سے چیمپئن شپ میں باکسرز حصہ لیں گے۔ نامور پاکستانی باکسرز ظہور، ثاقب اور سکندر بھی چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ورلڈ یوتھ باکسنگ چیمپئن شپ سے دنیا میں ایک مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور پاکستانی عوام غیر ملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے کھیل اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں عثمان وزیر نے کہا کہ وہ ٹائٹل کے دفاع کے لئے بھر پور سو فیصد تیاری میں ہیں اور چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوچ آئندہ ہفتے برطانیہ سے آرہا ہے اور یکم جون سے گلگت میں تربیتی کیمپ شروع ہو گا جس میں مزید محنت اور بھر پور تربیت حاصل کروں گا۔
وقت اشاعت : 25/05/2023 - 22:33:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :