پی سی بی(آج) سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چار روزہ لیول ٹو امپائرنگ کورسز شروع کرے گا،ترجمان

پیر 29 مئی 2023 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(آج) منگل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چار روزہ لیول ٹو امپائرنگ کورسز منعقد کررہا ہے،ان کورسز میں وہ 65امیدوار شرکت کریں گے جنہوں نے 2021 میں لیول ون کورسز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق اس کورس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرز پول کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور اس میں کامیاب ہونے والوں کو پی سی بی کے ڈویلپمنٹ پینل آف امپائرز میں شامل کرلیا جائے گا جو آنے والے سیزن میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے میچوں میں امپائرنگ کرسکیں گے جبکہ -2016-17 کے بعدیہ پہلا موقع ہوگا کہ امپائرز اس پینل میں شامل کیے جائیں گے۔

کورس میں شریک امیدواروں کو پہلے تین روز کے دوران ٹریننگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جس کے بعد آخری دن ان کے انٹرویوز اور تحریری امتحان ہوگا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ بورڈ نے اس کورس کے لیے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر احسن رضا، آئی سی سی اور پی سی بی کے انٹرنیشینل امپائرز پینل میں شامل آصف یعقوب اور پی سی بی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ناصر حسین کو ٹرینر مقرر کیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرز پینل کے تین درجے ایلیٹ، سپلمنٹری اور ڈویلپمنٹ ہیں، امپائرز اپنے کریئر کا آغاز ڈویلپمنٹ پینل سے کرتے ہیں اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایلیٹ پینل تک پہنچتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کورس میں شریک 65 امیدوار وہ ہیں جو 2021 میں ہونے والے لیول ون امپائرنگ کورس میں شریک ہوئے تھے اور350امیدواروں میں 60 فیصد نمبر حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے جبکہ لیول ٹو کورس میں شریک امپائرز کی عمر کی حد 45سال مقرر کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 29/05/2023 - 19:30:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :