34ویں نیشنل گیمز ، واپڈا نے پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹینس ایونٹ اپنے نام کرلیا

پیر 29 مئی 2023 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2023ء) 34ویں نیشنل گیمز کے ٹینس مقابلے اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئے ، واپڈانے پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹینس ایونٹ اپنے نام کر لیا۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے کہا کہ نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد پر بلوچستان حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل گیمز میں ٹینس ایونٹ میں مینز سنگلز کا گولڈ میڈل پاکستان واپڈا کے عقیل خان کے نام رہا ۔

فائنل میں عقیل خان نے پاکستان آرمی کے حذیفہ رحمٰن کو 5-7، 1-6 سے شکست دی۔ وویمنز سنگلز کا گولڈ میڈل واپڈا کی سارہ محبوب نے جیتا، فائنل میں واپڈا کی عشنا سہیل کو4-6، 6-3، 8-10سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ویمن ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے گولڈ،آرمی نے سلور جبکہ اسلام آباد اور بلوچستان کی ٹیموں نے براونز میڈلز حاصل کئے۔

(جاری ہے)

واپڈا نے ٹینس ایونٹ میں پانچ گولڈ میڈلز ، آرمی نے ایک گولڈ میڈل جیتا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کے ہمراہ کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے ۔ وفاقی وزیر احسان مزاری نےنیشنل گیمز کے شاندار انعقاد پر بلوچستان حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا، میڈلز جیتنے والے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ جتنے کھیلوں کے مقابلے زیادہ ہوں گے ان سے کھیلوں کو اتنا ہی فروغ ملے گا۔

اختتامی تقریب میں جسٹس اعجاز یوسف صدر بلوچستان ٹینس ایسوسی ایشن، افتخار رشیدسینئر نائب صدر پی ٹی ایف،کرنل (ر)گل رحمان سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف، ممتاز یوسف، سینئر نائب صدر بلوچستان ٹینس ایسوسی ایشن کے علاوہ ٹینس کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے بھی میگا ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے تمام میڈل جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ ایونٹ کا اختتام بہت اچھے طریقے سے ہوا۔

وفاقی وزیر نے تمغہ جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور حصہ لینے والی ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں اور کوچز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بہترین تنظیمی اور انتظامی انتظامات پر آئی ٹی ایف وائٹ بیج ریفری عارف قریشی اور پی ٹی ایف کی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وقت اشاعت : 29/05/2023 - 19:40:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :