دورہ سری لنکا کی تیاری کیلیے اسپن اور فاسٹ بولنگ کیمپس کا انعقاد

جمعہ 2 جون 2023 17:42

دورہ  سری لنکا کی تیاری کیلیے اسپن اور فاسٹ بولنگ کیمپس کا انعقاد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سری لنکا کے دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسی ماہ قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سپن اور فاسٹ بائولنگ کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق سپن بائولنگ کیمپ 10 سے 15جون تک منعقد ہوگا جبکہ فاسٹ بائولنگ کیمپ کا انعقاد 16 سے 21 جون تک کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں 13 سپنرز اور 11 فاسٹ بولرز کو ان کیمپس میں مدعو کیا گیا ہے جبکہ 14 بیٹرز بھی کیمپ میں بلائے گئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے آئندہ ماہ سری لنکا کا دورہ کرے گی۔ان دو کیمپس کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ آنے والے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

قومی سلیکشن کمیٹی نے ان کیمپس کے لیے پاکستان انڈر19 اور پاکستان شاہینز کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے جو قومی ٹیم کے کوچز اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔

ان کیمپس سے سلیکٹرز کو سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ ان کیمپس سے اسپنرز اور فاسٹ بولرز کو بھی مدد ملے گی تاکہ ان کیمپس کے لیے تیار کردہ خصوصی سیشن میں لمبے سپیل کرکے اپنی صلاحیتوں میں کس طرح اضافہ کرتے ہیں اور سخت موسمی حالات میں اپنی فٹنس کو کس طرح بہتر بناتے ہیں۔

اسی طرح بیٹرز کو بھی ان کیمپس میں سری لنکا کے دورے کے لیے تیاری میں مدد ملے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بلائے گئے ان نوجوان کھلاڑیوں کو ان کیمپس میں آکر پاکستان وے کے بارے میں بھی بہتر طور پر اندازہ ہوسکے گا کہ قومی ٹیم کی کیا توقعات ہوتی ہیں۔ان نوجوان کرکٹرز کو سینئرز کھلاڑیوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن کھلاڑیوں کو کانٹی کرکٹ یا دیگر لیگز میں کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے وہ ان کیمپس میں شامل نہیں ہونگے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ذاتی مصروفیات، بابر اعظم اور محمد رضوان (حج) اور محمد نواز (رہیب) کے سبب ان کیمپس میں شریک نہیں ہونگے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی مطلع کردیا تھا۔
وقت اشاعت : 02/06/2023 - 17:42:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :