1983 کے ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم نیخواتین ریسلر کے احتجاج کی حمایت کردی

ریسلرز نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا ہے، ان کے ساتھ ایسا ناروا سلوک نہیں ہونا چاہیے، انہیں عزت دینے چاہیے،کھلاڑیوں کا مشترکہ بیان

اتوار 4 جون 2023 15:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) بھارت کیلئے 1983 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی بھارت میں جنسی ہراسانی کے خلاف جاری خواتین ریسلرز کے احتجاج کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔اپنے بیان میں ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے حکومت پر فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کے خلاف کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریسلرز نے ملک کیلئے بہت کچھ کیا ہے، ان کے ساتھ ایسا ناروا سلوک نہیں ہونا چاہیے، انہیں عزت دینے چاہیے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس کی جانب سے احتجاج کرنے والی ریسلرز کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کو دیکھ کر اور ریسلرز کی جانب سے انصاف سے مایوس ہوکر اپنے تمغے گنگا برد کرنے کا سن کر بہت صدمہ پہنچا ہے، ہم ریسلرز سے بھی گزارش کریں گے کہ وہ ایسا اقدام نہ کریں، امید کرتے ہیں کہ ان کی آواز سنی جائے گی اور ملک میں قانون کا بول بالا ہوگا۔

(جاری ہے)

احتجاج کرنے والی ریسلرز کی حمایت کرنے والوں میں 1983 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان کپل دیو، سنیل گواسکر، مہیندرا امرناتھ، کے شریکاتھ، راجر بنی، سید کرمانی، یشپال شرما، مدن لال، بلویندر سنگھ ساندھو، سندیپ پٹیل، کرتی آزاد، دلیپ وینگسرکار روی شاستری اور سنیل والسن شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ریاست اترپردیش، ہریانہ، راجھستان، پنجاب اور اتراکھنڈ کے 170 برادریوں کے ’کھپ‘ کی ’مہا پنچائت‘ نے بھی ریسلرز کی حمایت کرتے ہوئے برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کیلئے 9 جون تک کی مہلت دے دی ہے۔تین ہزار سے زائد نمائندگان پر مشتمل مہا پنچائت نے ساڑھے پانچ گھنٹے طویل اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ اگر حکومت نے 9 جون تک فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کو گرفتار نہ کیا تو مہا پنچائت میں شامل تمام برادریاں دہلی میں ریسلرز کے ساتھ احتجاج میں شامل ہو جائیں گی۔

یاد رہے کہ خواتین ریسلرز نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے طاقتور سیاستدان اور فیڈریشن چیف برج بھوشن سنگھ کی جانب سے برسوں تک ہراساں کیے جانے کے خلاف اپریل میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ان کا مطالبہ ہے کہ برج بھوشن سنگھ کو عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ فیڈریشن چیف برج بھوشن کی جانب سے الزامات کی تردید کر دی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 04/06/2023 - 15:00:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :