ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا ایشین چیمپئن شپ کیلئے اوپن ٹرائلز کا اعلان

پیر 5 جون 2023 22:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2023ء) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان ( اے ایف پی) نے آئندہ ماہ تھائی لینڈ میں ہونیوالی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے اوپن ٹرائلز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 12 سے 16 جولائی تک منعقد ہوگی جس میں پاکستان کے 5 ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ اے ایف پی نے ایتھلیٹس کی حال ہی میں نیشنل گیمز میں ہونیوالی پرفارمنس پر انحصار کرنے کے بجائے اوپن ٹرائلز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اے ایف پی کے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق ٹرائلز پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں 11 جون کو ہوں گے۔ ٹرائلز میں مردوں کے 4 ایونٹس اور خواتین کا ایک ایونٹ رکھا گیا ہے۔ خواتین کیلئے صرف چار سو میٹرز کی دوڑ میں ٹرائلز ہوں گے جبکہ مردوں کیلئے سو میٹر، دو سو میٹر، جویلین تھرو اور لانگ جمپ کے ایونٹس کے ٹرائلز ہوں گے۔

(جاری ہے)

ٹرائلز میں شرکت کیلئے ایج گروپ یا کسی کوالیفائنگ ٹائم کی قید نہیں رکھی گئی۔

واضح رہے کہ تمام ایتھلیٹس مئی کے ا?خری ہفتے میں کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے دوران بھی ایکشن میں تھے تاہم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور ایتھلیٹکس فیڈریشن کے درمیان تنازعے کی وجہ سے نیشنل گیمز میں ان ایتھلیٹس کی ٹائمنگ کو سرکاری طورپر تسلیم نہیں کیا گیا۔ اس لیے ان کھلاڑیوں کو دو ہفتے کے اندر اندر ایک بار پھر خود کو ثابت کرنا پڑ رہا ہے۔
وقت اشاعت : 05/06/2023 - 22:45:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :