انگلش کرکٹر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی

بدھ 7 جون 2023 18:59

انگلش کرکٹر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) انگلینڈ کے آل رائونڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی، انہیں ٹیم انتظامیہ نے رواں ماہ شروع ہونے والی ایشز سیریز کیلئے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ معین علی کو ایجبسٹن اور لارڈز میں ایشز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لئے انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کو اپنی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے معین علی نے کہا کہ جیک لیچ کی انجری کے بعد مجھ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لئے رابطہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انگلش کپتان بین سٹوکس، کوچ برینڈن میکولم اور منیجنگ ڈائریکٹر روب کی سے بات چیت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ معین علی نے ستمبر2021 ء میں بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے انہوں نے کوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا ہے۔35 سالہ معین علی نے 67 ٹیسٹ میچوں میں2914 رنز بنائے اور 195 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انگلش سکواڈ منگل کو برمنگھم رپورٹ کرے گا جہاں 16 جون سے شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل تین روز تک کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہوگی۔ واضح رہے برمنگھم معین علی کا ہوم گرائونڈ بھی ہے تاہم انہوں نے اس گرائونڈ میں 2019ء کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔
وقت اشاعت : 07/06/2023 - 18:59:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :