بجٹ 24-2023ء ، وفاقی حکومت ملک بھر میں کھیلوں کے منصوبوں کیلئے محض 1.9 ارب روپے مختص کرے گی

ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کیلئے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں موجودہ سہولیات کی بحالی اور اپ گریڈیشن جیسے جاری منصوبوں کو کل بجٹ سے 611 ملین روپے ملیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 جون 2023 13:56

بجٹ 24-2023ء ، وفاقی حکومت ملک بھر میں کھیلوں کے منصوبوں کیلئے محض 1.9 ارب روپے مختص کرے گی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2023ء ) حکومت پاکستان نے آئندہ مالی سال 24-2023ء کے بجٹ میں بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے لیے محض 1.90 بلین روپے کا بجٹ تجویز کیا ہے۔ گزشتہ بجٹ میں ملک بھر میں جاری کھیلوں کے مختلف منصوبوں کے لیے 8.511 ارب روپے کی منظوری دی گئی تھی۔ 8.511 بلین روپے میں سے 30 جون 2023ء تک خرچوں کا تخمینہ 2.57 ارب روپے لگایا گیا جب کہ 5.93 بلین اس سے آگے کے لیے مختص کیے گئے۔

ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں موجودہ سہولیات کی بحالی اور اپ گریڈیشن جیسے جاری منصوبوں کو کل بجٹ سے 611 ملین روپے ملیں گے۔ دیگر منصوبوں جیسے کہ اسلام آباد، فیصل آباد، واہ کینٹ، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور سوات سمیت سات شہروں میں مصنوعی ہاکی ٹرفز کی تبدیلی اور پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں بائیو مکینیکل لیب کے قیام کے لیے بالترتیب 250 ملین اور 120 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر ملک میں جاری کھیلوں کے منصوبوں کے لیے 1.7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے ملک میں کھیلوں کے تین نئے منصوبے بھی تجویز کیے ہیں۔ مجوزہ پی ایس ڈی پی کے مطابق تین نئے منصوبوں میں نیشنل گیمز کا انعقاد، کشمور میں کھیلوں کی سہولیات کی بہتری اور فراہمی اور 250 منی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شامل ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیشنل گیمز پہلے ہی ہو چکی ہیں۔ ان نئے منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 200 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ قومی کھیلوں کے انعقاد کے لیے 150 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں جب کہ بقیہ روپے دیگر دو منصوبوں کے لیے 50 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 08/06/2023 - 13:56:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :