میری خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں آئے، ٹائٹل جیتے ،انوشے ناصر

جمعرات 8 جون 2023 17:45

میری خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں آئے، ٹائٹل جیتے ،انوشے ناصر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) لیفٹ آرم اسپنر انوشے ناصر نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں آئے، ٹائٹل جیتے اور میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق انوشے ناصر اس سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ویمنز انڈر19ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ دس وکٹیں حاصل کرنے والی بولر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں انڈر19ورلڈ کپ کھیلنا میرے لیے اچھا تجربہ رہا ، وہ میرا پہلا غیرملکی ٹور تھا اور پاکستان کی طرف سے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینا خواب کی طرح معلوم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انوشے ناصر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں میری کوشش یہی تھی کہ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکوں، میری محنت کام آئی اور ٹیم مینجمنٹ نے بھی بہت سپورٹ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے تجربہ کار اور سینئر کرکٹر کو بھی بولنگ کی ہے اور ان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ،انوشے ناصر بھی متعدد ویمنز کرکٹرز کی طرح ثنا میر کو پسند کرتی ہیں اور انہی کو دیکھ کر انہیں کرکٹر بننے کا شوق ہوا ، وہ اپنی کرکٹ کا تمام تر کریڈٹ اپنی فیملی کو دیتی ہیں بالخصوص اپنے والد کو جنہوں نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور جہاں بھی وہ کھیلنے جاتی ہیں وہ ان کے ساتھ ہوتے ہیں اور ان کی موجودگی انہیں بھرپور حوصلہ فراہم کرتی ہے۔
وقت اشاعت : 08/06/2023 - 17:45:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :