خواہش ہے پاکستان ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتے، انوشے ناصر

جمعرات 8 جون 2023 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) پاکستان کی نوجوان خاتون کرکٹر انوشے ناصر نے کہا ہے خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں آئے اور ٹائٹل جیتے اور میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے ، ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتی ہوں۔ لیفٹ آرم سپنر انوشے ناصر اس سال کے اوائل میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ویمنز انڈر19ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ دس وکٹیں حاصل کرنے والی بائولر رہیں۔

انوشے ناصر نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ میں انڈر19ورلڈ کپ کھیلنا میرے لیے اچھا تجربہ رہا تھا ، وہ میرا پہلا غیرملکی ٹور تھا اور پاکستان کی طرف سے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینا خواب کی طرح معلوم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انوشے ناصر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں میری یہی کوشش تھی کہ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے اچھے سے اچھا کرسکوں، میری محنت کام آئی تھی اور ٹیم مینجمنٹ نے بھی بہت سپورٹ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تجربہ کار اور سینئر کرکٹر کو بھی بائولنگ کی ہے اور ان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے۔ اپنی پسندیدہ کرکٹر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دیگر ویمنز کرکٹرز کی طرح ثنا میر کو پسند کرتی ہوں اور انہی کو دیکھ کر کرکٹر بننے کا شوق ہوا ۔ اپنی کرکٹ کا تمام تر کریڈٹ اپنی فیملی کو دیتی ہوں، خاص کر اپنے والد کو جو میری حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہے ہیں اور جہاں بھی وہ کھیلنے جاتی ہیں وہ ان کے ساتھ ہوتے ہیں اور ان کی موجودگی انہیں بھرپورحوصلہ فراہم کرتی ہے۔
وقت اشاعت : 08/06/2023 - 17:48:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :