پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

جمعہ 9 جون 2023 11:55

پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ کیلئے قومی باسکٹ بال ٹیم کا اعلان کر دیا۔ آرمی کے محمد شہباز علی انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کی قیادت کریں گے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل خالد بشیر کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ سے رواں سال الحاق کے بعد قومی باسکٹ بال ٹیم پہلے انٹرنیشنل باسکٹ بال مقابلوں میں شرکت کرے گی جس کا مقصد آئندہ سال منعقد ہونیوالی ساوتھ ایشین گیمز کی تیاریاں ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے کے بعد پاکستان باسکٹ بال ٹیم کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے لئے جا رہی ہے۔ ایونٹ میں شرکت کا مقصد کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرناہے تاکہ انہیں تجربہ مل سکے۔

(جاری ہے)

خالد بشیر نے کہا کہ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کے خصوصی مشکور ہیں جن کی بھرپور سپورٹ کی بدولت نہ صرف فیڈریشن نے ایک ماہ سے زائد قومی باسکٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ لگایا بلکہ پاکستان ایک بار پھر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کر رہا ہے جبکہ فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری اوج ظہور نے کیمپ کے انعقادکے لئے کلیدی کردار ادا کیا۔

خالد بشیر کے مطابق انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہوگا جبکہ فیڈریشن کا ٹارگٹ آئندہ سال منعقد ہونیوالی ساوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کے لئے میڈل جیتنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 15جون سے 22جون تک مالدیپ میں کھیلی جانیوالی پانچ ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان، مالدیپ ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دے گی۔

ایونٹ میں قومی باسکٹ بال ٹیم کی قیادت محمد شہباز علی کریں گے جبکہ سکواڈ میں عبد الوہاب ، محمد عمیر جان، زین الحسن خان، محمد شاہد، عماد احمد، ضیا الرحمن، ثاقب اللہ محسود، مہتاب اکرم اور شیراز اسلم شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں ملک محمد ریاض (ہیڈ کوچ) ، عمر محمود(کوچ) اور احمد علی ٹیپو (ٹیم منیجر) شامل ہیں۔ قومی ٹیم کا اعلان ایک ماہ تک جاری رہنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے بعد کرنل ر شجاعت علی رانا، ایم ریاض ملک، مودود جعفری اور خالد بشیر پر مشتمل قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی سکواڈ کو حتمی شکل دی۔
وقت اشاعت : 09/06/2023 - 11:55:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :