نیا ناظم آباد جمخانہ کراچی میں صحت مند سرگرمیوں کیلئے بہترین اضافہ ہے، شاہد آفریدی

جمعہ 9 جون 2023 19:02

نیا ناظم آباد جمخانہ کراچی میں صحت مند سرگرمیوں  کیلئے بہترین اضافہ ہے، شاہد آفریدی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے میگا اسٹار لیگ سیزن ٹو کے ٹرائلز کے بعد نیا ناظم آباد جمخانہ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ اور منیجر اسپورٹس محمد آصف نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔ شاہد آفریدی نے نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں کھیلوں کے فروغ کے لئے عارف حبیب کی خدمات نمایاں ہیں۔

نیا ناظم آباد جمخانہ کراچی میں صحت مند سرگرمیوں کے لیے بہترین اضافہ ہے۔ انہیں امید ہے نیا ناظم جمخانہ میں عنقریب ڈومیسٹک سیزن اور ایم ایس ایل کے میچز بھی کرائیں گے۔ شاہد آفریدی نے اس موقع پر منتخب کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو باریک بینی سے دیکھا اور ہر بیٹسمین اور بولر کو اپنی کارکردگی پیش کرنے کا پورا موقع دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ میگا اسٹار لیگ سیزن ٹو میں شامل کراچی نائٹس ٹیم کا انتخاب دو روزہ اوپن ٹرائلز کے بعد کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں تیس کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں جس کے پریکٹس میچوں کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ اس موقع پرسید محمد طلحہ نے بتایا کہ نیا ناظم آباد کو اسپورٹس سٹی کے طور پر بنایا جا رہا ہے جہاں کرکٹ، فٹ بال، فٹ سال، باسکٹ بال، ٹینس ، سوئمنگ، اسکواش، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت متعدد سہولیات قائم کر دی گئی ہیں۔
وقت اشاعت : 09/06/2023 - 19:02:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :